بھٹکل:18؍جنوری (ایس اؤ نیوز) حسب اعلان سنیچر کو بھٹکل میں محکمہ ہیلتھ کے اہلکاروں کو کوویڈ ٹیکہ لگانے کے ساتھ ہی کوویڈ ٹیکہ کاری کی مہم کا آغاز ہوا۔ بھٹکل میں سب سے پہلے تعلقہ سرکاری اسپتال کی ڈی کلاس کی اہلکار لکشمی کو کویڈ انجکشن دیا گیا۔
اس موقع پر لکشمی نے کہا کہ مجھے انجکشن لینےمیں کوئی خوف محسوس نہیں ہوا، لکشمی نے بتایا کہ میں اپنے گھر میں اپنے دونوں بیٹوں اور بیٹی کو بول کر آئی تھی کہ میں اسپتال پہنچ کر انجکشن لے رہی ہوں، اس میں مجھے کوئی تکلیف وغیرہ نہیں ہوگی ، لکشمی نے بتایا کہ کوویڈ وباء کے عام ہونے کے بعد اب ہماری صحت کے لئے اس طرح کا ٹیکہ لگانا ہماری صحت کے لئے بہت اچھا ہے مجھے اب آئندہ کوئی کام کرنےمیں کوئی ہچکچاہٹ نہیں ہوگی اور اطمینان رہے گا کہ چونکہ میں نے کوویڈ کا ٹیکہ لیا ہے اس لئے مجھے کوویڈ ہونے کا خوف نہیں رہے گا۔
یاد رہے کہ تعلقہ اسپتال میں کووڈ انسداد انجکشن کی تقسیم کاری کاپروگرام بھٹکل رکن اسمبلی سنیل نائک کے ہاتھوں کیا گیا، انہوں نے چراغ جلا کر پروگرام کا افتتاح کیا جس کے بعد خطاب کرتےہوئے انہوں نےکہاکہ آج کا یہ دن تاریخی دن ہے، کووڈ سے نجات کا دن ہے، انجکشن کی دریافت سے کورونا سے خوف کھاکر زندگی جینے والے عوام کےلئے راحت کا دن ہے۔ کورونا سے جو کچھ نقصان ہواہے اس کوبیان نہیں کیاجاسکتا۔ اس دوران صحت عامہ کے عملہ نے جس جانفشانی کے ساتھ کام کیا ہے اس کو کبھی بھولا نہیں جاسکتا۔ اور انہیں پہلےمرحلے میں انجکشن دیا جانا بالکل صحیح ہے۔
بھٹکل اسسٹنٹ کمشنر بھرت نے کہاکہ بھٹکل تعلقہ میں تین مرحلوں میں انجکشن لگائے جائیں گے۔ پہلے مرحلےمیں محکمہ ہیلتھ کے 74لوگوں کو انجکشن لگائےجارہےہیں انہوں نے عوام سے انجکشن کے متعلق غلط فہمیوں سےباہر نکلنے کی اپیل کی۔
تحصیلدار ایس روی چندرا، بھٹکل سرکاری اسپتال میڈیکل آفیسر ڈاکٹر سویتا کامت، کووڈ انسداد انجکشن تقسیم کاری نوڈل آفیسر شنکر راؤ وغیرہ موجود تھے۔ بھٹکل میڈیکل آفیسر ڈاکٹر مورتی بھٹ نے استقبال کرتےہوئے شکریہ اداکیا۔