بھٹکل:یکم اگست(ایس او نیوز)بھٹکل میونسپل کونسل کے نئے صدر ونائب صدر کے عہدوں کے لئے 9ستمبر کو انتخابات ہونے جارہے ہیں، صدر کا عہدہ عام کونسلر (جنرل) کے لئے اور نائب صدر کا عہدہ پسماندہ اے طبقہ کے کونسلرکے لئے ریزر و کیا گیا ہے۔
بھٹکل بلدیہ صدر کا عہدہ عام طبقہ کے لئے ریزرو ہونے کی وجہ سے تنظیم کی حمایت سے منتخب شدہ ممبران میں زبردست مقابلہ آرائی کے امکانات ہیں۔ خاص کر موجودہ نائب صدر ڈاکٹر سید سلیم ، تنظیم کے جنرل سکریٹری محی الدین الطاف کھروری اور مخدوم کالونی کے صادق مٹا صدر کے عہدے پر آنکھیں جمائے رکھنے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ محی الدین الطاف کھروری تنظیم کے ایک اہم عہدے پر فائز ہونے کی وجہ سے انہیں مقابلہ سے باہر کرنےکی کوششیں بھی ہوتی نظر آرہی ہیں، اسی طرح فہرست میں عبدالرؤوف نائطے اور قیصر محتشم کا نام بھی لیا جارہا ہے۔ اس بات کی کوشش کی جارہی ہے کہ اگر صدر کا عہدہ نہیں ملتاہے تو کم سے کم نائب صدر کا عہدہ ہی حاصل کیاجاسکے۔ بھٹکل بلدیہ میں کل 23ممبران میں 15تنظیم کے حمایتی ممبران ہیں۔ جن میں 13ممبران اقلیتی طبقہ یعنی مسلمان ہیں جس کی بنا پر حتمی فیصلہ مجلس اصلاح وتنظیم کا ہی ہوگا۔ بلدیہ ممبران میں سے جو صدر و نائب صدر عہدے کے خواہش مند ہیں و ہ فی الحال تنظیم کے بزرگ اور بااثر شخصیات سے ملاقات کرتے ہوئے ان کی حمایت حاصل کرنے میں مگن رہنے کی اطلاعات ذرائع نے دی ہے۔ البتہ حتمی فیصلہ تنظیم کے ٹیبل پر ہی ہونے کے امکانات ہیں۔


