بھٹکل 4/فروری (ایس او نیوز) نیشنل ہائی وے سمیت عام سڑکوں پر آوارہ کتوں کے ساتھ ساتھ آوارہ گائیوں کی تعداد میں روز بروز اضافہ ہورہا ہے مگر اس تعلق سے نہ میونسپالٹی کو کوئی فکر ہے اور نہ ہی پنچایت کے آفسران حرکت میں آتے ہیں، یہی وجہ ہے کہ تیز رفتار سواری کے درمیان اگر اچانک کوئی جانور آجائے تو پھر اچانک بریک لگانا اور جانور کو ٹکر مارنے سے بچنے کی کوشش کرنا فطری عمل ہے، مگر اسی کوشش میں اکثر حادثات رونما ہوجاتے ہیں جس سے زیادہ تر بائک سوار شدید زخمی ہوجاتے ہیں۔ ویسے تو کتوں کا اچانک سڑکوں پر آنا معمول بن چکا ہے اور تقریبا ہر روز چھوٹے موٹے حادثات رونما ہوتے رہتے ہیں، مگر شدید زخمی ہونے کی صورت میں ہی نیوز بنتی ہے۔
اسی طرح کا ایک حادثہ آج موگلی ہونڈا نیشنل ہائی وے پر پیش آیا جب ہائی وے پر تیز رفتاری کے ساتھ بائک چلانے کے دوران اچانک سامنے کتا آگیا، بائک سوار نے جیسے ہی کتے سے بچنے کی کوشش کی، مخالف سمت سے آنے والی کار سے ٹکراگیا۔ کتا تو بچ کر فرار ہوگیا مگر بائک سوار شدید زخمی ہوگیا جسے بھٹکل سرکاری اسپتال میں ابتدائی طبی امداد کے بعد زائد علاج کے لئے دوسرے اسپتال روانہ کرنے کی تیاری جاری تھی۔
زخمی نوجوان کی شناخت بیلکے کے رہنے والے ناگراج موگیر (22) کی حیثیت سے کی گئی ہے، پچھلی سیٹ پر سوار ارونا موگیر (20) کو بھی حادثے میں معمولی چوٹیں آئی ہیں۔حادثے میں ناگراج کےا یک پیر کو شدید چوٹ لگی ہے ۔
بتایا گیا ہے کہ کار بھٹکل سے اُڈپی کی طرف جارہی تھی جبکہ ناگراج اپنی بائک پر سوار بیلکے سے سرکل کی طرف آرہا تھا جس کے دوران یہ حادثہ پیش آیا۔
کتوں اور دیگر جانوروں کے اس طرح سڑکوں پر آوارہ گردی کرنے سے عوام کی زبانی سنا جارہا ہے کہ جب فورلائن نیشنل ہائی وے اگلے چند ماہ میں تیار ہوجائے گا تو سواریاں سو کی رفتار سے دوڑنے لگیں گی، ایسے میں اگر اچانک کتا یا گائے درمیان میں آئے گی تو کیا ہوگا ؟ عوام تعلقہ انتظامیہ پر زور دے رہے ہیں کہ اس تعلق سے فوری طور پر ضروری کاروائی کریں ۔