بھٹکل،26؍ستمبر (ایس او نیوز) بھٹکل تعلقہ کے اندرمحکمہ صحت اور مقامی انتظامیہ کے لئے کورونا وباء پر قابو پانا ابھی تک ممکن نہیں ہوسکا ہے ۔ اس لئے محکمہ صحت کی طرف سے گھر گھر پہنچ کر کورونا ریاپیڈ ٹیسٹ کرنے کی مہم چلائی جارہی ہے۔
یاد رہے کہ جالی پنچایت کے حدود میں عوامی سطح پر جانچ کی کارروائی انجام دی گئی تھی۔ اب بھٹکل ٹاؤن میونسپالٹی کے حدود میں بلدیہ چیف آفیسر کی قیادت میں یہ مہم چلائی جارہی ہے۔ کل 25ستمبر کو بھٹکل شہر کے نہرو روڈ پر ریاپیڈ ٹیسٹ کیا گیا تھا۔ آج سے ٹی ایم سی کے دوسرے وارڈس میں بھی یہ مہم جاری رہے گی۔
ٹی ایم سی کے چیف آفیسر دیوراج نے کہا کہ ریاپیڈ ٹیسٹ کے ذریعے کورونا سے متاثرہ افراد کی شناخت ابتدائی مرحلے میں ہی ہوجاتی ہے جس سے ا ن کا علاج کرنا آسان ہوتا ہے۔اسی لیے نیم طبی عملہ شہر کے مختلف وارڈس میں پہنچ کر جانچ کی کارروائی انجام دے رہا ہے۔ عوام کو چاہیے کہ ان کے ساتھ تعاون کریں۔
تعلقہ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر سویتا کامت نے بتایا کہ دن بہ دن کورونا متاثرین اور اس مرض سے فوت ہونے والوں کی تعداد میں اضافہ ہوتا جارہا ہے۔ اس لئے محکمہ صحت کی کوشش ہے کہ کورونا کے ہر مریض کا علاج ہواور کوئی مریض بھی ہلاک ہونے نہ پائے۔ لہٰذا بھٹکل کے عوام کو چاہیے کہ کورونا جانچ کی اس مہم میں پورا تعاون کریں۔
کل شہر میں جانچ مہم شروع کیے جانے کے موقع پر جالی پٹن پنچایت کے چیف آفیسر اجئے بنڈارکر، پی ایس آئی نوین اور بھرت کے علاوہ بلدیہ کی سینئرہیلتھ آفیسر سوجیا سومن وغیرہ موجود تھے۔