ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / بھٹکل ڈونگر پلی میں شاندار نعتیہ مقابلہ؛ تعلقہ بھر کے بچوں نے پیش کئے بہترین نعت؛ علماء کرام کے خطابات

بھٹکل ڈونگر پلی میں شاندار نعتیہ مقابلہ؛ تعلقہ بھر کے بچوں نے پیش کئے بہترین نعت؛ علماء کرام کے خطابات

Fri, 16 Dec 2016 21:51:55    S.O. News Service

بھٹکل:16/ڈسمبر  (ایس او نیوز) نوجوان اتحاد کمیٹی اور مون اسٹار اسپورٹس سنٹر کے اشتراک سے اے پی جے عبدالکلام روڈ، ڈونگر پلی  میں تعلقہ لیول کا شاندار اور منظم نعتیہ مقابلہ منعقد ہوا جس میں بھٹکل کے جملہ اسپورٹس سینٹروں کے لڑکوں نے اپنی اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔

مقابلہ میں اول ، دوم ، سوم انعامات کی رسم توڑتے  ہوئے کل پانچ انعامات تقسیم کئے گئے ۔ جس میں  سلطان ویلفئیر اسوسی ایشن بھٹکل کے زفیر ابن زبیر  شنگیری اول انعام کے مستحق قرار پائے تو   جعفر صادق  ابن جلال الدین  کندنگوڈا ،الہلال اسوسی ایشن بھٹکل دوسرے انعام کے حق دار بنے۔ سوم انعام کے لئے محمد حسن ابن محمد انس ابو سعیدہ ، ینگ اسٹار اسپورٹس سنٹر بھٹکل  منتخب کئے گئے تو سیدنبیغ ابن سید نورالہدی برماور، وائی ایم ایس اے نے چوتھا اورعبادہ ابن محمد اقبال مالکی، الایمان اسپورٹس سنٹربھٹکل نے پانچواں انعام حاصل کیا۔  تمام انعام یافتگان کو سنداور نقد انعام سے نوازاگیا۔ اس کے علاوہ مقابلہ میں شریک تمام مساہمین کو تشجیعی انعامات کے طورپر سند اور نقد انعام دیا گیا۔ خیال رہے کہ بھٹکل ، منکی اور مرڈیشور کے اسپورٹس سنٹروں کے مابین منعقد ہوئے نعتیہ مقابلے میں 35سے زائد مساہمین نے حصہ لیتے ہوئے مختلف شعراء کرام کے بہترین نعتوں کو مترنم آواز میں پیش کیا۔

سید مصتعصم بافقی کی تلاوت قرآن سے نعتیہ  مقابلہ کا آغاز ہوا۔ نوفل ابن ناصر برہان نے حمدیہ کلام اور فیضان ابن سیف اللہ کھروری نے ہدیہ نعت پیش کی۔ مولانا افاد  کوبٹے ندوی نے استقبال کیا تو  جاوید احمد  حاجی فقی اور مولوی فواز منصوری ندوی نے بہترین انداز میں نظامت کے فرائض انجام دئیے ۔

جامعہ اسلامیہ بھٹکل کے مہتمم مولانا مقبول احمد کوبٹے ندوی نے بزم کی مناسبت سے اپنے جاندار خطاب کا آغاز مشہور تعمیر پسند شاعر حفیظ میرٹھی کے اشعار پیش کرتے ہوئے  اپنے پیغام کو پیش کیا۔

نہ ہو جس میں تیرا عکس شامل                              وہ نقشے ہیں سب مٹادینے کے قابل

ہزار آزادیوں سے لاکھ بہتر                                  تیرے اس غلامی کے طوق وسلاسل

مولانا نے کہاکہ زندگی کے ہرشعبے میں اللہ کے نبی ﷺ کو نمونہ بنائیں ، اسی رنگ میں رنگنے کی کوشش کریں۔ اللہ تعالیٰ نے قرآن مجید میں اللہ کے نبی ﷺ کو  کامل نمونہ  قرار دیاہے ، اس کو وہی لوگ نمونہ بنائیں گے جو اللہ سے ڈر تے ہیں، اللہ سے تعلق مضبوط کرتے ہیں، ان  میں آخرت کا احساس ، موت کی حقیقت ، محاسبہ کا خوف ہوتاہے اور اپنے اعمال و کردار سے اس کا ذکر کرتے ہیں۔  دنیا کی زندگی میں اللہ کے نبی ﷺ کے ہم حقیقی نمائندے اوروارث بنیں۔  حالات گرچہ سنگین ہیں ،اغیار کی سازشوں سے پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ہے ، بلکہ اللہ کی طرف سےعطاکرد ہ وقت کا صحیح استعمال کرتےہوئے اللہ کا  شکر اداکریں تو دنیا وآخرت میں کامیابی حاصل ہوگی۔

اس موقع پر تنظیم ملیہ مسجد کے خطیب مولانا محمد انصار ندوی مدنی نے پرمغز خطاب کرتے ہوئے کہاکہ نبی ﷺ کا ہر فعل و عمل  آج تک محفوظ ہے،  دنیا میں آج تک اللہ کے نبی ﷺ کی واحد اور تنہا شخصیت ہے جن کا   ہر عمل نقل کرتے ہوئے  کتابوں میں محفوظ کیا گیاہے۔ خود  اللہ نے قرآن میں  مہر لگادی کہ نبی ﷺ کا ہر عمل قابل تقلید ہے۔  انہوں نے عوام سے خاص کر نوجوانوں سے اپیل کی کہ ہمارا جووقت قرآن مجید کی تلاوت و مطالعہ میں صرف ہونا چاہئے تھا وہ واٹس ایپ اور دوسری فضولیات میں ضائع ہورہاہے۔ اس سے باز رہتے ہوئے مطالعہ اسلام میں صرف کریں۔

مرکزی خلیفہ جماعت المسلمین بھٹکل کے چیف قاضی مولاناخواجہ  معین الدین اکرمی ندوی مدنی  نے اپنے پرسوز خطاب میں  علامہ اقبال ؒکے شعر کی تشریح کرتے ہوئے کہاکہ حضرت محمد ﷺ سے مکمل وفاداری کا نتیجہ یہ نکلے گا کہ دنیا کی تمام چیزیں  ہمیں حاصل ہونگی اور ہماری خواہشات پوری ہونے کے علاوہ آخرت میں بھی اللہ کی رضا اور کامیابی حاصل ہوگی۔ مولانا نے واضح کیا کہ یہ صرف کہنے کی بات نہیں ہے  بلکہ سچائی اور حقیقت ہے۔ نہتے ، بغیر ساز و سامان  اورہتھیار کے میدان بدر میں لشکرجرار  کے مقابلے میں فتح نصیب ہونا اللہ کے نبی ﷺ سے مکمل وفاداری کا زندہ ثبوت ہے۔  تمام مہمانان نے منظم و موثر انداز میں نعتیہ مقابلہ کا انتظام کئے جانے کی خصوصیت کے ساتھ ستائش کرتے ہوئے مبارکبادی پیش کی۔نعتیہ مقابلے میں مولانا عبدالمحیط ندوی، مولانا سید سالک برماورندوی ، جناب محمد اقبال سعیدی   نے بطور حکم اپنے فرائض انجام دئیے۔ ڈائس پر دارالعلوم ندوۃ العلماء کے استاذ مولانا امیس ندوی ،  حافظ کبیر الدین اور جان عبدالرحمن محتشم وغیرہ موجود تھے۔ نوجوان اتحاد کمیٹی کے صدر جناب محمد یوسف بیلی نے صدارت کرتے ہوئے آخر میں کلمہ تشکر پیش کیا۔ نقش نوائط کے مدیر اور بھٹکل کے کئی اداروں کے ذمہ دار مولانا عبدالعلیم قاسمی کی دعا پر پروگرام اختتام کو پہنچا۔  

پروگرام کی مکمل وڈیوریکارڈنگ  ذیل میں پیش کی جارہی ہے:


Share: