بھٹکل یکم جون (ایس او نیوز) بھٹکل کا اکتالسواں کورونا سے متاٖثرہ نوجوان بھی آج پیر کو کاروار کے کمس اسپتال سے ڈسچارج ہوگیا، جس کے ساتھ ہی کورونا سے متاثرہ بھٹکل کے سبھی لوگ صحت مند ہوکر اسپتال سے ڈسچارج ہوگئے اور عافیت کے ساتھ اپنے اپنے گھر پہنچ گئے۔
آج اسپتال سے جو 27 سالہ نوجوان ڈسچارج ہوا، وہ 14 مئی کو ممبئی سے بھٹکل آیا تھا مگر اسے مرڈیشور میں ہی کورنٹائن کیا گیا تھا اور اس کے تھوک کے سیمپل جانچ کے لئے روانہ کئے گئے تھے، 18 مئی کو اس کی رپورٹ کورونا پوزیٹو آئی تھی جس کے بعد اسے اُسی دن کاروار کمس ایڈمٹ کیا گیا تھا۔
کاروار کمس اسپتال سے آج کاروار کا ایک 37 سالہ شخص، کمٹہ کا ایک 26 سالہ نوجوان، ہوناور کی 28 سالہ نوجوان لڑکی، 36 سالہ خاتون اور 40 سالہ اس کا شوہر سمیت بھٹکل کے اس نوجوان کو یعنی جملہ چھ لوگوں کو ڈسچارج کیا گیا ہے۔ اب کاروارکمس اسپتال میں کورونا سے متاثرہ 32 لوگ زیر علاج ہیں اور اسپتال کے ڈائرکٹر ڈاکٹر گجانند نائک نے بتایا ہے کہ تمام کی صحت بالکل ٹھیک ہے۔
بھٹکل تعلقہ سرکاری اسپتال میں نوجوان کے استقبال کے لئے قومی سماجی ادارہ مجلس اصلاح و تنظیم کے جنرل سکریٹری جناب عبدالرقیب ایم جے ندوی سمیت ذمہ داران عنایت اللہ شاہ بندری، یونس رکن الدین، محمد صادق مٹا اور عزیز الرحمن رکن الدین ندوی موجود تھے، اسپتال کی طرف سے نوجوان کو کورونا سے لڑ کر صحت مند ہوکر واپس لوٹنے پر پھول کا گلدستہ پیش کرتے ہوئے مبارکبادی پیش کی گئی اور ضروری کاغذی کاروائی کے بعد گھر جانے کی اجازت دی گئی۔
