بھٹکل:3/مارچ (ایس او نیوز)ریاستی حکومت کی طرف سے بھٹکل کے اقلیتی کالونیوں میں بنیادی سہولیات فراہم کرنے کے لئے 1.5کروڑ روپئے منظور کرتے ہوئے یکم مارچ کو حکم نامہ جاری کرنےکی اطلاع رکن اسمبلی منکال وئیدیا نے ہوناور میں دی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ حکومتی سطح کا یہ پہلا آرڈر ہے ۔ اترکنڑا ضلع بھٹکل کی پہلی اقلیتی کالونی ہے جس کے لئے رقم منظور کی گئی ہے۔
خیال رہے کہ ریاستی حکومت کی طرف سے وزیراعلیٰ سدرامیا نے گذشتہ سال بجٹ پیش کرتےہوئے اقلیتوں کی کالونیوں میں بنیادی سہولیات فراہم کرنے کے لئے 1.5 کروڑروپئے مختص کئے گئے تھے۔ جس کے تحت یہ امداد منظور کی گئی ہے۔ رقم مختص کئے جانے اور منظوری کو لے کر عوام سوال کررہے ہیں کہ رقم مختص کرکے ایک سال ہونے جارہاہے اُس وقت یہ رقم منظور کی گئی ہے ، اگرایسا ہے تو پھر اس کے نفاذ کے لئے مزید کتنے سال لگیں گے ؟ عوام کا کہنا ہے کہ اب نیا بجٹ پیش ہونے کو صرف کچھ ہی دن باقی رہ گئے ہیں، بجٹ میں مختص کردہ رقم فوری طورپر منظور کرکے عملی سطح پر نافذ کریں گے تو عوام کو فائدہ بھی ہوگا اور بنیادی سہولیات کے لئے نئے بجٹ میں کچھ نئے منصوبہ جات بھی پیش کئے جاسکتےہیں۔