بھٹکل 2 ڈسمبر (ایس او نیوز)بنگلور میں برسر روزگار بھٹکل کے جناب ریاض اسحاقی کی دُخترمریم اسحاقی نے اپنی بہترین تعلیمی قابلیت کی بنیاد پربنگلور کی میڈیکل کالج میں ایم بی بی ایس کے لئے سرکاری کوٹہ سے داخلہ حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئی ہیں۔
سکینڈ پی یو سی میں مریم نے 93.66 فیصد مارکس کے ساتھ امتیازی کامیابی حاصل کی تھی، بعد میں نیٹ امتحان میں بھی اس طالبہ نے 536 مارکس حاصل کرتے ہوئے نمایاں کامیابی درج کی جس کے ساتھ ہی اسے پہلے مرحلے کی کونسلنگ میں ایسٹ پوائنٹ کالج آف میڈیکل سائنس اینڈ ریسرچ سینٹر، بنگلور میں ایم بی بی ایس کا داخلہ مل گیا۔ مریم کے والد ریاض صاحب نے بتایا کہ دوسرے مرحلے یا تیسرے مرحلے کی کونسلنگ میں ان کی بیٹی اگر چاہے تو کالج تبدیل بھی کرسکتی ہے۔
مریم نے اپنی ابتدائی تعلیم بھٹکل شمس اسکول سے حاصل کی تھی۔ شمس اسکول کے پرنسپال نے بتایا کہ مریم اسکول میں بے حد ذہین تھی اور ایس ایس ایل سی میں اسے اسکول کی بہترین طالبہ کا گولڈ میڈل ایوارڈ نجم اخوان سے نوازا گیا تھا۔
پی یو سی اول اور دوم بنگلورکے شاہین پی یو کالج سے حاصل کی، اور پی یوسی دوم میں مریم کو 93.66 فیصد کے ساتھ نمایاں کامیابی ملی۔ انہوں نے کیمسٹری میں 98, فزیکس اور بائیولوجی میں 97 اور میتھس میں 94 مارکس حاصل کئے تھے، یعنی پی سی ایم بی میں ان کا اوسط 96.5 فیصد ریکارڈ کیا گیا۔
اخبارنویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے جناب ریاض اسحاقی نے بتایا کہ طلبہ اگر سکیند پی یوسی کے ساتھ نیٹ امتحان پر اپنی پوری توجہ صرف کرے اور نیٹ امتحان میں زیادہ سے زیادہ نمبرات حاصل کرنے کی کوشش کریں تو میڈیکل سیٹ آسانی سے حاصل کی جاسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھٹکل کے زیادہ تر طلبہ بے حد ذہین ہیں، اگر والدین بچوں پر محنت کرے اور اُنہٰیں آگے بڑھانے کےلئے ہمت اور حوصلہ فراہم کریں تو یہ بچے تعلیم کے میدان میں کامیابی کے جھنڈے گاڑ سکتے ہیں۔
مریم اسحاقی کو ایم بی بی ایس کی میڈیکل سیٹ حاصل ہونے پر بھٹکل شمس اسکول کی مینجمنٹ، پرنسپال اور دیگر ٹیچروں اور اسٹاف نے مبارکباد پیش کی ہے اور مستقبل میں مزید کامیابیوں کے لئے دعائیں دی ہیں۔