بھٹکل 7 /اپریل (ایس او نیوز) اُترکنڑا ڈسٹرکٹ انچارج منسٹر کوٹا سری نواس پجاری کی بھٹکل آمد پر کونسلر شری کانت کی شکایت کے بعد کوٹاسری نواس پجاری نے بھٹکل میونسپل چیف افسر دیانند دیسائی کو بھٹکل کی پرانی مچھلی مارکٹ کو بحال رکھنے اور وہاں مچھلی فروشوں کو مناسب انتظامات مہیا کرانے کی ہدایت دی ، ساتھ ساتھ انہوں نے کہا کہ جو مچھلی فروش سڑک کنارے بیٹھ کر مچھلیوں کا بیوپار کرتے ہیں اُنہیں نئی فِش مارکٹ میں منتقل کیا جائے۔ کوٹا سری نواس پجاری نے کہا کہ وہ اس تعلق سے اُترکنڑا ڈپٹی کمشنر سے بھی بات کریں گے۔
خیال رہے کہ کوٹا سری نواس پجاری آج جمعرات صبح بھٹکل پہنچے اور تعلقہ کے تمام سرکاری آفسران کے ساتھ میٹنگ کا انعقاد کرتے ہوئے تمام ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا اور آفسران سے کاموں کی رپورٹ لی۔ اس دوران بھٹکل آسارکیری کے (nominated) میونسپل کونسلر سری کانت نائک نے مچھلی بیوپاری خواجہ سمیت بعض مچھلی فروش خواتین کو ساتھ لے کر ڈسٹرکٹ انچارج منسٹر کے پاس پہنچے اور مچھلی فروشوں کی نمائندگی کرتے ہوئے بتایا کہ بھٹکل کی پرانی مچھلی مارکٹ کو بند کرنے اور اطراف کے دکانداروں کو وہاں سے بھگانے کے مقصد سے پرانی فِش مارکٹ کی صفائی کا کام بند کردیا گیا ہے ، سری کانت کا کہنا تھا کہ نئی فِش مارکٹ اُن لوگوں کے لئے تعمیر کی گئی تھی جو روڈ کنارے بیٹھ کر مچھلیاں فروخت کرتی ہیں، مگر ایسا کرنے کے بجائے پرانی مارکٹ کو ہی منہدم کرکے وہاں کے لوگوں کو بھگانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ پرانی فِش مارکٹ سے متصل رکشہ اسٹینڈ، ترکاری دکانیں، چکن دکانیں وغیرہ ہیں اور یہاں لوگوں کا کاروبار سٹ ہوچکا ہے، اس تعلق سے بھٹکل ایم ایل اے سنیل نائک نےسری کانت کی بات کو مزید تقویت دیتے ہوئے کوٹا سری نواس پجاری کو بتایا پرانی فِش مارکٹ کے اطراف سے ایک سماج کے لوگوں کو نکال باہر کرنے کے مقصد سے ایسا کیا جارہا ہے، ایم ایل اے نے یہ بھی کہا کہ پرانی مارکٹ کی درستگی کے لئے دس لاکھ روپئے کا فنڈ بھی لایا گیا ہے، مگر اس کا استعمال نہیں کیا گیا ہے۔ ایم ایل اے نے میونسپل چیف آفسر سے سوال کیا کہ وہ پرانی مچھلی مارکٹ کی صفائی کیوں نہیں کررہے ہیں، سنیل نائک نے میونسپل چیف آفسر کو سخت وارننگ دیتے ہوئے بتایا کہ اگر تم میونسپل کونسلروں اور میونسپل صدر کی باتوں کو ہی سن کر کام کروگے تو پھر میونسپالٹی کی عمارت ہی مچھلی مارکٹ میں تبدیل ہوجائے گی اور مچھلی فروش میونسپالٹی کی عمارت کے اندر ہی بیٹھ کر مچھلیاں بیچنا شروع کردیں گی۔ ایم ایل اے نے چیف آفسر کو تاکید کی کہ وہ پرانی مچھلی مارکٹ میں مچھلی فروشوں کے لئے مچھلیاں بیچنے کا مناسب بندوبست کرکے دیں اور وہاں صاف صفائی کی طرف توجہ دے۔ ایم ایل اے نے ڈسٹرکٹ انچارج منسٹر سے بھی کہا کہ وہ اس تعلق سے ڈپٹی کمشنر سے بات کرکے معاملے کو حل کریں۔ جب چیف آفسر دیانند دیسائی نے یہ بتانے کی کوشش کی کہ نئی فِش مارکٹ کو اوپن کرنے کے لئے اقدامات کئے جارہے ہیں تو ڈسٹرکٹ انچارج منسٹر نے کہا کہ پرانی مارکٹ کو وہیں بحال رکھیں ، وہاں مچھلی فروشوں کے لئے مناست انتظامات کرکے دیں ، ساتھ ساتھ راستہ کنارے بیٹھنے والی مچھلی فروشوں کو نئی مارکٹ میں موقع دیں۔
اس موقع پر کاروار سے تشریف فرما ایڈیشنل ڈی سی راجیو موگویرا اور بھٹکل اسسٹنٹ کمشنر ممتا دیوی بھی موجود تھیں۔
اس خبر سے منسلک پہلے شائع شدہ خبر: