بھٹکل:7/ ڈسمبر (ایس او نیوز) بندرروڈ پر واقع ایک بینک میں دیر رات تک کام جاری رہنے پر پولس نے بینک پہنچ کر بینک کا معائنہ کرنے کے علاوہ عملہ کو آڑے ہاتھوں لینے کا واقعہ جمعہ کی دیررات پیش آنے کا دیر سے پتہ چلاہے۔
دیر رات بینک میں کام جاری رہنے کی اطلاع پر پولس بینک پہنچ کر عملہ سے سوال کیاکہ آخر کیا وجہ ہے کہ وقت ختم ہونے کے بعد کام اتنی دیر رات تک جاری ہے۔ اس موقع پر بینک کے مینجر نے وضاحت پیش کرتے ہوئے کہاکہ بینک کے حساب کتاب کی جانچ کے لئے اعلیٰ آفیسران ملاقات کرنے والے ہیں، دن میں عوام کا ہجوم رہتاہے جس سے بینک کا اندرونی کام کچھ بھی نہیں ہوپاتا، اسی لئے دستاویزات کے معائنہ اور جانچ کے لئے عملہ سے رات میں کام لیا جارہاہے۔ مگر پولس نے مقامی پولس تھانے کو رات میں بینک کاکام جاری رہنے کی اطلاع نہ دینے اور مناسب سکیورٹی کے بغیر کام انجام دینے پر اعترا ض جتایا۔ بھٹکل سرکل پولس انسپکٹر سریش نائک نے بتایا کہ کسی بھی بینک ، نجی ادارے ، عوامی صنعت کارادارے اور دفاتروغیرہ میں دیر رات تک کام کرنے کی مجبوری پیش آتی ہے تو مقامی پولس تھانہ کو اطلاع دینا لازمی ہے۔ کیونکہ حالات کو دیکھتے ہوئے وہاں سکیورٹی مہیا کرنے میں آسانی ہو۔
خیال رہے کہ آئی ٹی اور آر بی آئی کے افسران اترکنڑا ضلع کے دورے پر ہیں کسی بھی دن یا وقت بھٹکل نجی بینکوں کو پہنچ کرمعائنہ کرنے ، جانچ کرنے کی افواہیں گردش میں ہیں۔ وہیں عوامی سطح پر یہ بھی سننے میں آرہاہے کہ کچھ نجی بینک اپنے صارفین کے اکاؤنٹس کو لازمی دستاویزات منسلک کئے بغیر رقومات جمع کررہے ہیں، اس سلسلے میں آر بی آئی افسران ایسے کچھ اکاؤنٹس کی جانکاری لینے کی بھی خبر ہے ۔ جب کہ بینک سے منسلک عملے اور ذمہ داروں کا کہنا ہے کہ اکاؤنٹس کو ٹھیک کرنا، متعلقہ دستاویزات کا انسلاک جیسے ضروری کام متعینہ اوقات میں نہیں ہوپارہاہے، اسی لئے دیر رات یا زائد اوقات میں کام کو انجام دینا ضروری ہوگیا ہے۔