بھٹکل :14؍مئی (ایس اؤ نیوز) ’تعاون کا مطلب اعتماد ہے‘امدادی سوسائٹیاں (کو آپریٹیو سوسائٹیز)کو چاہئے کہ وہ عوام کو قرضہ دیتے وقت اعتماد کریں اور دیری نہ کریں۔ صرف منافع پر نظر نہ رکھیں بلکہ غریبوں کے لئے سہارا بننے کی بھی کوشش کریں۔ ان خیالات کا اظہار اجیرے کےشری رام اکشھتر کے برہمانند سوامی جی نے کیا۔
وہ یہاں تعلقہ کے بیلکے میں منعقدہ دیہی کوآپریٹیو سوسائٹی کی نئی عمارت کا افتتاح کرنے کے بعد خطاب کررہے تھے۔ سوامی جی نے کہاکہ جو لوگ بینک سے قرضہ لیتے ہیں انہیں چاہئے کہ وہ وقت پر قرضہ کی ادائیگی کرتےہوئے بینک کی ترقی ممکن بنائے۔انہوں نے اس بات کی تمنا ظاہر کی کہ آئندہ دنوں میں اس بینک کی مزید شاخیں کھلیں گی۔
ریاستی کابینہ وزیر برائے مزدور شیورام ہیبار نے خطاب کرتےہوئے کہاکہ کو آپریٹیو سوسائٹیز کے میدان میں جب انتخابات ختم ہوجاتےہیں تو پھر سیاست نہیں ہونی چاہئے۔ انتظامیہ میں سیاست کو دخل دئیے بغیر سوسائٹی کے بہتر مستقبل کاخیال کرتےہوئے کام کرتےہیں تو وہ سوسائٹی ترقی کی راہ پر گامز ن ہوتی ہے۔اسی طرح ضلع کی ایسی 220سوسائٹیز کے تعاون سے ہی آج ضلع کی کے ڈی سی سی بینک مضبوط و مستحکم ہیں ۔

بینک کی عمارت کے لئے زمین منظوری میں تعاون کرنے والے سابق رکن اسمبلی منکال وئیدیا ، بینک کی ترقی کے لئے کوشاں صدر منجوناتھ نائک، چیف مینجر انپا نائک سمیت سابق صدور ، ڈائرکٹراورعملے کی پروگرام میں تہنیت کی گئی ۔
ڈائس پروگرام سے پہلے سوڑی گدے کراس سے بیلنی تک سوامی جی کو جلوس کی شکل میں استقبال کیاگیا ۔ بھٹکل کے رکن اسمبلی سنیل نائک، کے ڈی سی سی بینک کے نائب صدر موہن نائک، کوآپریٹیو محکمہ کے افسر ناگ بھوشن کلمنے ، بیلکے گرام پنچایت کی صدر شانتی موگیر، وی ایس ایس بیلکے کے نائب صدر نارائن نائک، کرشنا موگیر، دیوانند موگیر، رمیش گونڈ، للتا نائک وغیرہ بھی اس موقع پر موجود تھے۔ وی ایس ایس بینک صدر منجوناتھ نائک نے استقبال کیا ، چیف مینجر انپانائک نے افتتاحی کلمات پیش کئے ۔ استاد گنگادھر نائک اور نارائن نائک نے پروگرام کی نظامت کی۔