ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بھٹکل : احتجاجی دھرنے پر بیٹھے موگیر لیڈروں کے ساتھ ڈپٹی کمشنر نے منعقد کیا اجلاس

بھٹکل : احتجاجی دھرنے پر بیٹھے موگیر لیڈروں کے ساتھ ڈپٹی کمشنر نے منعقد کیا اجلاس

Wed, 13 Apr 2022 13:56:07    S.O. News Service

بھٹکل ،13؍ اپریل (ایس او نیوز) شمالی  کینراکے موگیر طبقہ کے لئے درج فرہست ذات سرٹیفکیٹ  کا مطالبہ کرتے ہوئے  گزشتہ تین ہفتوں سے منی ودھان سودھا کے احاطہ میں احتجاجی  دھرنے پر بیٹھے ہوئے لوگوں سے ڈپٹی کمشنر مولئی موہیلن نے ملاقات کی اور اس کے بعد موگیر سماج کے لیڈروں کے ساتھ ایک اجلاس منعقد کیا ۔
    

اس اجلاس میں موگیر سماج کے اہم لیڈر ایڈوکیٹ ناگراج نے ہائی کورٹ ، سپریم کورٹ اور نیشنل کمیشن کی طرف سے موگیر طبقہ کو درج فہرست ذات سرٹیفکیٹ  دینے کی جو ہدایت جاری ہوئی ہے اس کی تفصیلات ڈپٹی کمشنر کے سامنے رکھی ۔ 
    
اجلاس کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ جب سے موگیر طبقہ کے لوگوں نے ذات  سرٹیفکیٹ کے لئے احتجاج شروع کیا اس دن سے ہی ضلع انتظامیہ ان سے رابطہ میں ہے ۔ احتجاج کے پہلے دن ہی ایڈیشنل ڈی سی راجو موگویر نے یہاں پہنچ کر احتجاجیوں سے میمورنڈم وصول کیا تھا ۔ اس کے علاوہ سوشیل ویلفیئر منسٹر بھی یہاں آ کر ان سے ملاقات کی ہے ۔ اس میں ضلع انتظامیہ کی کوئی پالیسی نہیں ہوتی ہے ۔ ہم نے جو حقائق ہیں اس کی رپورٹ حکومت کو روانہ کی ہے ۔ اب حکومت کی طرف سے جیسی ہدایت ملے گی اسی طرح کارروائی ہوگی ۔ سوشیل ویلفیئر منسٹر نے اعلیٰ سطحی میٹنگ طلب کی بات کہی ہے ۔ 
    
پریس سے ملاقات کے دوران موجود پولیس سپرنٹنڈنٹ سومن پنّیکر نے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ 8 مئی کی رات کو بھٹکل میں لوگوں پر انڈے پھینکنے کا جو واقعہ پیش آیا تھا اس میں 5 کم عمر لڑکے ملوث پائے گئے ہیں ۔ ابتدائی تحقیقات سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ یہ حرکت کسی خاص مقصد سے نہیں کی گئی تھی ۔ بس امتحان ختم ہونے کی خوشی میں انہوں نے یہ کام کیا تھا ۔ پھر بھی ان سے پوری طرح تفتیش کرکے حقیقت معلوم کی جائے گی ۔


Share: