ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بھٹکل : شمس الدین سرکل پر فلائی اوور کی تعمیر ۔ ہوراٹا سمیتی نے ضلع انچارج وزیر کے سامنے رکھا مطالبہ ۔ وزیر نے کیا مسئلہ حل کرنے کا وعدہ

بھٹکل : شمس الدین سرکل پر فلائی اوور کی تعمیر ۔ ہوراٹا سمیتی نے ضلع انچارج وزیر کے سامنے رکھا مطالبہ ۔ وزیر نے کیا مسئلہ حل کرنے کا وعدہ

Fri, 08 Apr 2022 19:37:16    S.O. News Service

بھٹکل 8/ اپریل (ایس او نیوز) ضلع انچارج وزیر کوٹا سرینواس پجاری کے بھٹکل دورہ کے موقع پر نیشنل ہائی وے ہوراٹا سمیتی نے ان سے ملاقات کرتے ہوئے بھٹکل شمس الدین سرکل پر ریامپ کے بجائے فلائی اوور کی تعمیر کا مطالبہ رکھا ۔

وفد کی قیادت کرتے ہوئے ہوراٹا سمیتی صدر راجیش نائک نے وزیر موصوف کو بتایا کہ پہلے سے طے شدہ نیشنل ہائی وے توسیعی منصوبے کے مطابق شمس الدین سرکل کے پاس 500 میٹر تک ستونوں والا فلائی اوور تعمیر کرنا ہے مگر اب نیشنل ہائی وے اتھاریٹی اور ٹھیکیدار کمپنی آئی آر بی نے اس مقام پر فلائی اوور کے بجائے ریامپ کی تعمیر کا منصوبہ بنایا ہے ۔ راجیش نائک نے ریامپ کی تعمیر سے عوام کے پیش آنے والے سنگین مسائل کی طرف وزیر کوٹا سرینواس پجاری کی توجہ مبذول کرواتے ہوئے ان سے مطالبہ کیا کہ وہ اس معاملے میں مداخلت کریں اور اس مسئلہ کو حل کریں ۔

اس میٹنگ میں موجود رکن اسمبلی سینل نائک نے بھی راجیش نائک کا ساتھ دیتے ہوئے وزیر موصوف سے پُرزور درخواست کی کہ شمس الدین سرکل پر ریامپ کے بجائے فلائی اوور کرنا ضروری ہے ۔ اس لئے کاروار میں ضلع ڈپٹی کمشنر اور نیشنل ہائی وے اتھاریٹی کے افسران کے ساتھ ایک مشترکہ میٹنگ کا انعقاد کرتے ہوئے اس مسئلہ کو حل کروائیں ۔

تمام باتیں سننے کے بعد وزیر سرینواس پجاری نے وعدہ کیا کہ جلد ہی کاروار میں متعلقہ افسران اور ٹھیکیدار کمپنی کے ساتھ میٹنگ منعقد کی جائے گی اور اگر ضروری محسوس ہوا تو اس مسئلہ کو مرکزی وزیر کے علم میں بھی لایا جائے گا اور اسے حل کرنے کی پوری کوشش کی جائے گی ۔انہوں نے ہوراٹا سمیتی کے وفد کو مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ وہ اپنا مطالبہ تحریری طور پر مرکزی وزیر برائے ہائی ویز، نیشنل ہائی وے اتھاریٹی اور آئی آر بی کے افسران کو بھی روانہ کریں ۔


Share: