بھٹکل:2/ جولائی(ایس او نیوز( کنڑازبان کے اساتذہ احساس کمتری کو دور کرتے ہوئے طلبا میں کنڑازبان کو ترقی و ترویج دینے میں اپنا بھرپورکرداراور تعاون پیش کرنے کی چتراپور ہائی اسکول کی صدرمدرسہ ممتابھٹکل نے اپیل کی۔ وہ یہاں سنیچر کو شری ولی ہائی اسکول ہال میں منعقدہ بھٹکل تعلقہ کنڑازبان اساتذہ سنگھ اور بھٹکل بی ای اؤ دفتر کے اشتراک سےمنعقدہ پروگرام کی صدارت کررہی تھیں۔ انہوں نے اس بات پر افسوس جتایا کہ ایس ایس ایل سی کے طلبا کنڑامضمون سنجیدگی سےنہیں لیتے ، بلکہ کسی طرح صرف کامیاب ہونےکی فکر کرتے ہیں جو ہمارے لئے ایک لمحۂ فکریہ ہے۔
کنڑا تیسری زبان کلب کے صدر محمد رضامانوی نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ بھٹکل کے ماحول میں کنڑازبا ن کے غائب ہونے کاخدشہ ظاہر کرتے ہوئے کہاکہ اقلیتی اسکولوں میں طلبا کو کنڑا زبان ایک بوجھ محسوس ہورہی ہے، اگر انہیں انہی کی زبان میں کنڑا سکھانے کی کوشش کی جائے تو ممکن ہے وہ کنڑازبان کی طرف توجہ دیں۔ فسٹ لینگویج کنڑا کلب کے صدر اور پرائمری اسکول اساتذہ سنگھ کے تعلقہ صدر کے بی مڈیوال نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ کنڑازبان کے متعلق ورکشاپ کا انعقاد کرنے سے کنڑااساتذہ کو اپنی کمزوریوں کو دور کرتے ہوئے مزید آگے بڑھنے کا حوصلہ ملتاہے، ساتھ ہی ایس ایس ایل سی کے نتائج میں اضافہ کا بھی اہم سبب بننے کی بات کہی۔ بی ای اؤ دفتر کے ایس بی بھٹ نے ورکشاپ کا افتتاح کیا۔ سکینڈ لنگویج کنڑا کلب کے صدر ملپا نے بھی موقع کی مناسبت سے خطاب کیا۔ شری ولی ہائی اسکول کے استاد سنجئے گوڈیگار نے نظامت کے فرائض انجام دیتے ہوئے شکریہ اداکیا۔
عہدیداران کا انتخاب:اس موقع پر بھٹکل تعلقہ کنڑازبان اساتذہ سنگھ کے عہدیداران کا انتخاب عمل میں آیا۔ کنڑافسٹ لنگویج کلب کے صدر کے بی مڈیوال الویکوڑی، نائب صدر ممتا بھٹکل، سکریٹری بھاسکر نائک، خازن وجئے لکشمی ہیگڈے، تنظیمی سکریٹری پی ٹی چوہان۔ سکینڈلنگویج کلب کے صدر ملپا بھوتال، نائب صدر محمد الیاس شیخ، سکریٹری ناگراج کے سی، اعزازی سکریٹری پیٹرک بیلیس، خازن شاردانائک۔ تھرڈلنگویج کلب کے صدر محمد رضامانوی شمس ہائی اسکول، نائب صدر کلپنا این تلگیری ، سکریٹری عبدالرشید ہونسے مرد، خازن امتیازملامرڈیشور متفقہ طورپر منتخب کئے گئے۔