بھٹکل:25؍ مئی (ایس اؤ نیوز) پچھلے ہفتہ تاؤکتے طوفان کی وجہ سے بھٹکل تعلقہ میں بہت زیادہ نقصانات ہوئےہیں۔ نقصانات کا اندازہ 46کروڑروپئے لگایا گیا ہے۔ حکومت کی طرف سے فوری کاموں کےلئے 2کروڑ7لاکھ روپئے کی امداد منظور ہونے کی رکن اسمبلی سنیل نائک نے جانکاری دی ۔
رکن اسمبلی نے پیر کی شام ماوین کوروے تلگوڈ میں جاری کاموں کا معائنہ کرنے کے بعد اخبارنویسوں سے گفتگو کرتےہوئے بتایا کہ حکومت کی جانب سے ماوین کوروے تلگوڈ روڈ کی درستگی کے لئے سماوی آفات منصوبے کے تحت 2.7کروڑروپئے منظور کئے گئے ہیں۔ انہوں نے بتایاکہ طوفان کے 72گھنٹے گذرنےکے بعد اگلے 48گھنٹوں میں روڈ کی درستگی و مرمت کا کام شروع کیاگیا ہے۔ چونکہ ڈپٹی کمشنر کو بھی سماوی آفات منصوبے کے تحت کاموں کی منظوری دینےکا اختیار ہے جس کی وجہ سے یہ کام ممکن ہونے کی بات کہی۔ طوفان سے کیاکچھ نقصان ہواہے ریاستی روینیو وزیر آر اشوک اور ضلع نگراں کاروزیر شیورام ہیبار نے نقصان زدہ مقامات کا دورہ کرتےہوئے معائنہ کیا ہے۔ سڑک کھسکنے کے خدشے کو دیکھتے ہوئے فوری طورپر ریت کے تھیلے رکھے گئے ہیں۔ اس کے بعد 3میٹر کے پتھروں کو ڈال کرعارضی تحفظاتی دیوار تعمیر کی جائے گی۔ مستقبل میں ایک مضبوط تحفظاتی دیوار تعمیر کرنے کےلئے امداد منظور کرائے جانےکی بات کہی۔ رکن اسمبلی نے بتایا کہ موجوں کی رفتار اور سرکشی کو کم کرنے کے لئے تین چار جگہوں پر مرونتے کی طرح سی گرینس بنائے جائیں گے۔
سابق رکن اسمبلی کی مذمت: رکن اسمبلی سنیل نائک نے اس بات پر ناراضگی ظاہر کی کہ سابق رکن اسمبلی منکال وئیدیا نے نقصان زدہ علاقوں کا دورہ کرتےہوئے طوفان کی وجہ سے مشکلات میں گھرے عوام کو حوصلہ وہمت دینے کے بجائےحکومت پر تنقید کررہے ہیں اور درستگی کا کام فوری طور پر کرنے کی بات کررہے ہیں۔ سنیل نائک نے کہا کہ اسی دیہات سے تعلق رکھنے والی ضلع پنچایت کی سابق صدر کو چاہئے تھا کہ وہ عوام کی مشکلات کو حل کرنے کی کوشش کرتی، لیکن سابق رکن اسمبلی ان سب اہم کاموں کو چھوڑ کر سیاست کرنے میں لگے ہیں۔ سُنیل نائک نے کہا کہ سماوی آفات کے کاموں کو شروع کرنے کےلئے کچھ اصول ہوتے ہیں۔ طوفان ختم ہونے سےپہلے ہی کام شروع کرنے کی بات کہنا کم علمی کو ثابت کرتاہے۔ سنیل نائک کے مطابق درستگی کا کام شروع کرنے میں تاخیر کرنے کی بات میں کچھ دم نہیں ہے۔ اس موقع پر این ڈی کھاروی، رمیش کھاروی ، داسانائک وغیرہ موجود تھے۔