بھٹکل:23/ جولائی(ایس او نیوز)تعلقہ کے مشہور ماری ہبا کے پیش نظر پیشگی طورپر بھٹکل اسسٹنٹ کمشنر چدانند وٹارے کی قیادت میں سنیچر کو میٹنگ کا انعقاد ہوا۔
میٹنگ میں بات کرتے ہوئے اے سی وٹارے نے کہاکہ 27اور28جولائی کو منائے جانے والے ماری ہبا کے دوران پرامن ماحول بنائے رکھنا ہمارا اہم فرض ہے، اس کے لئے تمام مذاہب والوں سے تعاون لازمی ہے، تہوار کے لئے تعلقہ انتظامیہ کی طرف سے ہر طرح کے ضروری اقدامات کئے گئے ہیں۔سڑک کے گڑھوں کو بند کرنا، ٹرافک مسئلہ سمیت دیگر سہولیات کو فراہم کرنے کے لئے بلدیہ اور پولس محکمہ کو ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ میٹنگ میں موجود ایڈیشنل ایس پی دیوراج نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پولس محکمہ کی طرف سے ٹرافک اور بندوبست کا انتظام کیا گیا ہے، ہبا میں کسی بھی انہونی واقعات کو روکنے کے لئے پیشگی اقدامات کئے گئےہیں۔ ماری دیوی کی وداعی کے وقت مندر انتظامیہ کے خودکارکارکن اور لیڈران چوکنا رہیں اور تمام انتظامات کی نگرانی کریں۔ ماری کامبا مندر انتظامیہ کے ممبران شری دھر نائک، پرمیشورنائک، نارائن کھاروی، جے ڈی ایس لیڈر عنایت اللہ شاہ بندری نے بھی موقع پر بات کی۔ میٹنگ میں رکشا ڈرائیور اور مالکان سنگھ کے صدر وینکٹیش نائک، مجلس اصلاح وتنظیم بھٹکل کے جنرل سکریٹری محی الدین الطاف کھروری ، بلدیہ نائب صدر ڈاکٹر سید سلیم، تحصیلدار وی این باڈکر، اے ایس پی ڈاکٹر انوپ شٹی ، جئے کرناٹکا سنگھ کے صدر سدھاکر نائک ،بلدیہ ممبر صادق مٹا، مختلف محکمہ جات کے فسران موجودتھے۔