بھٹکل :13/اکتوبر(ایس او نیوز) تعلقہ میں زبردست ہنگامہ آرائی کا سبب بنی پی ایل ڈی بینک صدر کے خلاف پیش کئے گئے عدم اعتماد تحریک کا فیصلہ 22اکتوبر کی صبح 10بجے کا وقت طئے کیا گیا ہے۔ متعلقہ وقت پر میٹنگ طئے کرتے ہوئے سہکاری محکمہ کے معاون ڈائرکٹر نے حکم جاری کیا ہے۔
بینک صدر کے خلاف پیش ہوئی عدم اعتماد کی تحریک کئی ایک تماشوں کا سبب بنی اور بینک ڈائرکٹروں کے درمیان دشمنی پیدا کرنےکے علاوہ پولس تھانے تک معاملہ پہنچا تھا۔ جب یہ سمجھا جارہا تھا کہ سب کچھ اپنی ڈگر پر چل پڑا ہے تو اچانک بینک کے دو ڈائرکٹروں نے استعفیٰ پیش کیا تو معاملہ مزید پیچیدہ ہوکر عوام کی توجہ کا سبب بناہواہے۔ جس کی بنا پر بینک ڈائرکٹروں کی تعداد 13سے 11 ہوگئی ہے، چونکہ استعفیٰ واپس لینے کے لئے اب بھی موقع ہے تو دونوں گروہوں نے ڈائرکٹروں کے آخری چال پر نگاہ جمائے ہوئے ہیں۔ خیال رہے کہ بینک کے صدر اور ڈائرکٹر کے درمیان جاری رسہ کشی کا اصل سبب آئندہ ودھان سبھا انتخابات ہیں، جس میں دونوں چاہتےہیں کہ حلقہ کے امیدواربنیں۔ اب جب کہ عدم اعتماد تحریک کے لئے تاریخ اور وقت طئے کیا گیا تو سیاسی اور دیگر عوام کی توجہ فیصلہ پر ٹکی ہوئی ہے۔