بھٹکل:17/ جولائی(ایس او نیوز) ڈی وائی ایس پی گنپتی کی خودکشی نے محکمہ پولس میں ہورہی ہفتہ وصولی کو ظاہر کیاہے، گنپتی کی ہلاکت سرکاری اسپانسر کی موت ہے، وزیر جارج فوری استعفیٰ دیں، اس بات کا مطالبہشری رام سینا کے صدر پرمود متالک نے کیا۔اتوار کو بھٹکل میں اخبارنویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ سدرامیا کی حکومت رشوت کو لگام لگانے میں ناکام ہوئی ہے۔ رقم اینٹھنے کا کام بے تحاشہ جاری ہے، ریت سپلائی کا دھندہ بھی جاری ہے۔ ہمیشہ کی طرح متالک نے کہاکہ کشمیر میں ہمارے فوجیوں نے دہشت گرد برہان وانی کا قتل کیاتو اس کے جنازے میں 40ہزار لوگ شریک ہوتے ہیں، یہ ملک کے لئے بہت بڑے خطرے کی نشاندہی کرتاہے۔
پرمود متالک نے بتایا کہ مرڈیشور میں شادی کی بارات کے لئے ڈی جے پر پولس کا اجازت نہ دینا غیر قانونی ہے۔ شادی ، میلے ، شمشان کے متعلق سپریم کورٹ کی واضح رہنمائی ہے، لیکن پولس کا نوٹس دینا اس بات کی طرف اشارہ کرتاہے کہ ہمارانظام کس حد کو پہنچاہے۔ انہو ں نے بھٹکل میں بار بار مندر وں میں گوشت پھینکے جانے پر کہا کہ پولس کو چاہئے کہ وہ فور ی طورپر ملزموں کو گرفتار کریں۔ اس موقع پر جینت نائک، سریش نائک وغیرہ موجود تھے۔