ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / بھٹکل :ساحل آن لائن کےمینجنگ ایڈیٹر عنایت اللہ گوائی اورکاروار کے وسنت بھٹ ’’ بھٹاکلنک‘‘ ایوارڈکے لئے منتخب

بھٹکل :ساحل آن لائن کےمینجنگ ایڈیٹر عنایت اللہ گوائی اورکاروار کے وسنت بھٹ ’’ بھٹاکلنک‘‘ ایوارڈکے لئے منتخب

Sat, 25 Jun 2016 21:58:31    S.O. News Service

بھٹکل:25جون(ایس او نیوز) کرناٹکا جرنالسٹ اسوسی ایشن کے زیر اہتمام چلنے والی بھٹکل جرنالسٹ اسوسی ایشن کی طرف سے کنڑا زبان کے مشہور و معروف قواعد دان ’’بھٹا کلنکا‘‘ کے نام پر دئیے جانے والے ضلعی سطح کے سب سے پہلے ایوارڈ کے لئے مشترکہ طورپر ساحل آن لائن کے مینجنگ ایڈیٹر عنایت اللہ گوائی اور معروف کنڑا روزنامہ کنڑا پربھا کے ضلعی نامہ نگار وسنت کمار کتگال کو منتخب کیاگیا ہے۔

پریس ریلیز جاری کرتے ہوئے کرناٹکا جرنلسٹ اسوسی ایشن کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ متعلقہ ایوارڈ کے لئے صحافت کے میدان میں لگاتار متحرک رہتے ہوئے دیانتداری کے ساتھ صحافتی کارکردگی کو پیمانہ ماناگیا ہے۔ جمعرات کی شام بھٹکل میں منعقدہ اسوسی ایشن کے ممبران کی میٹنگ میں متعلقہ شخصیات کو ایوارڈ کے لئے منتخب کیا گیا۔ ایوارڈ کے لئے منتخب دونوں شخصیات پچھلے دودہوں سے بھی زائد عرصہ سے صحافتی میدان میں اپنی ایک چھاپ چھوڑی ہے۔ سماجی فکر ، نئے موضوعات کی تلاش ،رپورٹنگ میں دیانتداری کو ملحوظ رکھتے ہوئےریاست بھر کے لوگوں کے دلوں میں اپنا ایک مقام بنایا ہے۔ گذشتہ 4جون کو منعقد ہوئی مجلس عاملہ کی میٹنگ میں لئے گئے فیصلے کے مطابق ماہ نومبرمیں بھٹکل میں ریاستی کنونشن منعقد ہورہاہے، اسی کنونشن میں دونوں کو ایوارڈ سےنوازاجائے گا۔ کنونشن میں ریاست بھر سے قریب 200سے  زائد اہم صحافی شریک ہونگے۔ جمعرات کو منعقد ہوئی میٹنگ میں اسوسی ایشن کے صدر وشنو دیواڑیگا، سکریٹری من موہن نائک، سبرامنیا بھٹ، رام چندر کنی ، وسنت دیواڑیگا ، شنکر نائک وغیرہ موجود تھے۔

مرورزمانہ شہربھٹکل کو بدنام کرنے میں اہم کردار ادا کرنے والے میڈیا کو دندان شکن جواب دیتے ہوئے شہر بھٹکل کی  شناخت کو اہم موڑ دینے اور نام ونمود اور شہرت سے کوسوں دور رہ کر مخلصانہ طورپر دیانتداری کے ساتھ صحافتی خدمات کو انجام دینے والے عنایت اللہ گوائی بجا طورپراس ایوارڈ کے مستحق قرار دئیے گئے ہیں۔ اپنی بے باکی اور نڈرپن سے پورے ملک میں  ساحل آن لائن کے ذریعے بھٹکل کی بہترین تصویر پیش کرتے ہوئے ہر صحافی اور مدیر سے اپنے تعلقات استوار کرتے ہوئے انہیں سچائی سے متعارف کرنےو الے عنایت اللہ گوائی کو ایوارڈ کے  لئے منتخب کئے جانے پر شہر کی کئی تنظمیں ، ادارے اورمعزز شخصیات نے مبارکبادی پیش کی ہے۔


Share: