ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بھٹکل: ہیومن ویلفئیر ٹرسٹ مرڈیشور کی جانب سے معاشی طور پر کمزور خواتین میں تقسیم کی گئیں سلائی مشین

بھٹکل: ہیومن ویلفئیر ٹرسٹ مرڈیشور کی جانب سے معاشی طور پر کمزور خواتین میں تقسیم کی گئیں سلائی مشین

Wed, 21 Aug 2019 10:21:59    S.O. News Service

بھٹکل 22/اگست (ایس او نیوز/رئیس احمد گنجام) بھٹکل تعلقہ کے مرڈیشور میں ہومن ویلفیر ٹرسٹ مرڈیشور کی جانب سے مرڈیشور کے  معاشی طور پر کمزور  اور پچھڑے ہوئے  خاندانوں کو  خودکار روزگار پیدا کرکے اپنا  گھر چلانے کے مقصدسے  قرعہ اندازی کے ذریعے سلائی مشینیں تقسیم کی گئیں۔ اس تعلق سے   ایک پروگرام منعقد کیا گیا تھا جس میں  مرڈیشور اور بھٹکل کے  کئی ایک ذمہ داران موجود تھے۔

مہمان خصوصی کے طور پر تشریف فرما مرڈیشور جماعت المسلمین کے صدر جناب سیف اللہ اٰمین نے اس بات پرنہایت خوشی کا اظہار کیا کہ  ہومن ویلفیر ٹرسٹ کی جانب سے  خدمت خلق کا اتنا بہترین کام انجام دیا جارہا ہے۔ انہوں نے ٹرسٹ کی خدمات سے متاثر ہوکر کہا کہ ہومن ویلفیر ٹرسٹ مرڈیشور،   ہندووں اور مسلمانوں کے درمیان ایک پُل کی طرح کام کررہا ہے۔ انہوں نے اس موقع پر اپنی جانب سے بھی 20 سلائی مشینیں دینے کا اعلان کیا، جس کے ساتھ ہی ہیومن ٹرسٹ کی جانب سے 37 سلائی مشینوں کے ساتھ جناب سیف اللہ اٰمین کی طرف سے 20 مشینیں ، اس طرح جملہ 57 مشینیں تقسیم کی گئیں۔

پروگرام کی صدارت کرتے ہوئے جماعت اسلامی ہند کے رکن اور  کنڑا نامہ نگار  جناب محمد رضا مانوی نے بتایا کہ ہومن ویلفیر ٹرسٹ کی جانب سے ہندو مسلم بھائی چارگی میں اضافہ کرنے اور علاقہ میں امن و امان کی فضاء کو بحال رکھنے   مختلف پروگرامس منعقد کئے جاتے رہے ہیں اور خوشی کی بات یہ ہے کہ ایسے پروگراموں میں جب بھی  ہم نے غیر مسلم لیڈران کو مدعو کیا ہے، وہ ہمیشہ  شریک ہوئے ہیں ۔

ہومن ویلفئیر ٹرسٹ مرڈیشور کے صدر ڈاکٹر امین الدین گوڈا نے  ٹرسٹ کا تعارف پیش کرنے کے ساتھ ساتھ ٹرسٹ کی جانب سے  پیش کی جارہی سرگرمیوں کی تفصیلات پیش کیں۔ انہوں نے بتایا کہ ہندو مسلم کی تفریق کئے بغیر ٹرسٹ کی جانب سے  سو غریب گھرانوں میں  ماہانہ راشن فراہم کیا جاتا ہے،  اسی طرح غریب بچوں کو ہر سال  اسکول بُکس، شوز،  بارش کے موسم میں چھتریاں ، سیلاب آنے کی صورت میں  متاثرہ علاقوں کا دورہ کرکے غریبوں کی ہرممکن مدد کی جاتی ہے۔ لڑکوں اور لڑکیوں کو خود کفیل بنانے کے لئے اُنہیں کمپوٹر کورس،  دوپہر کے بعد لڑکیوں کے لئے  کپڑے سلائی کرنے کی تربیت، اچھی لکھاوٹ کی ٹریننگ وغیرہ بھی دی جاتی ہے۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ جس طرح زمانہ ترقی کرتا ہے، اُسی کی مناسبت سے ہرسال نئے نئے کورسس بھی متعارف کئے جاتے ہیں۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ رمضان کے موقع پر غریب مسلمانوں کے لئے خصوصی کٹس اور عیدالاضحیٰ کے موقع پر عید کِٹس تقسیم کئے جاتے ہیں،جبکہ عیدالفطر کے فوری بعد غیر مسلمانوں کے ساتھ ایک گیٹ ٹو گیدر پروگرام میں منعقد کیا جاتا ہے۔

پروگرام کا آغاز  مولانا محمد عدنان کی تلاوت کلام پاک سے ہوا، رئیس احمد گنجام نے  ترجمہ پیش کیا، امتیاز ماسٹر نے نظامت کی اور مولانا محمد حُسین کی دُعا پر پروگرام اختتام کو پہنچا۔

 آر این ایس پولی ٹیکنیک کالج کے پرنسپال ایم وی ہیگڈے، وائس   پرنسپال مری سوامی،  ریاض جماعت مرڈیشور کے  صدر جناب کوٹیشور محمد اشفاق صاحب، بھٹکل بی جے پی لیڈر اور آٹو رکشہ یونین کے  صدر کرشنا نائک اور سماجی کارکن شیخ شبر،  اسٹیج پر موجود تھے۔

 


Share: