ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / بھٹکل: بینک اکاؤنٹ ہولڈرس ہوشیار؛ فون پر بینک کارڈ اور اکاؤنٹ کی معلومات نہ دیں

بھٹکل: بینک اکاؤنٹ ہولڈرس ہوشیار؛ فون پر بینک کارڈ اور اکاؤنٹ کی معلومات نہ دیں

Tue, 11 Oct 2016 20:47:48    S.O. News Service

بھٹکل:15/اکتوبر(ایس او نیوز)شہربھٹکل میں اکثر لوگوں کو فون کال کرکے اُن کے بینک کارڈ کی تفصیلات پوچھے جانے اور نہ دینے کی صورت میں اکائونٹ بند کئے جانے کی تنبہیہ کی جارہی ہے۔ مگر بینک کے مینجرس نے عوام کو خبردار کیا ہے کہ وہ ایسے کسی بھی فون کال کے جھانسے میں نہ آئیں اور بینک کی یا ATM کارڈ کی تفصیلات ہرگز ہرگز اُنہیں نہ دیں۔

ساحل آن لائن کو کافی لوگوں نے خبر دی ہے کہ اُنہیں بینک کے نام سے  موبائیل پر رابطہ کیاجارہا ہے، فون والا کہتا ہے کہ وہ فلاں بینک کے ہیڈ آفس سے بات کررہا ہے۔ پھر ATM کارڈ کو آپڈیٹ کرنے کے نام پر کارڈ کا نمبر دریافت کرتا ہے۔ نمبر دئے جانے پر فوراً موبائل پر ایک مسیج موصول ہوتا ہے، اور فون کرنے والا مسیج میں ائے ہوئے نمبر کو دینے کے لئے کہتا ہے۔ عوام کو خبردار کیاجاتا ہے کہ اگر آپ نے موصول ہونے والے مسیج کو فون کرنے والوں کو فراہم کریں گے تو کچھ ہی سکینڈ میں آپ کے اکائونٹ سے پیسے غائب ہوجائیں گے۔

کچھ اور لوگوں نے بتایا کہ اُنہیں بینک سے فون کال موصول ہوا اُنہیں بتایا گیا کہ بینک اکائونٹ کو آدھار کارڈ اور راشن کارڈ کے ساتھ لنک کرنا ہے، لہٰذا اکائونٹ نمبر پوچھا گیا، پھر کارڈ نمبر دینے کے لئے  کہا گیا۔ اس ضمن میں کئی لوگوں کے اکائونٹ سے رقم غائب ہوچکی ہیں، اس ضمن میں بھٹکل کے کئی ایک لوگوں نے اپنے اپنے بینک پہنچ کر شکایتیں کی ہیں، مگر بتایا گیا ہے کہ اُن کی شکایتوں پر کوئی کاروائی نہیں ہورہی ہے کیونکہ بینک پہنچنے کے بعد کہا جاتا ہے کہ ایسا کوئی کال اُن کے بینک سے نہیں کیا گیا۔

 اُدھر فون کرنے والا کہتا ہے کہ اگر آپ متعلقہ جانکاری نہیں دیں گے تو اکاؤنٹ بند ہوجائے گا اگر کارڈ کی تفصیلات نہیں دیں گے تو کارڈ کو بند کردیا جائے گا۔ ہوش مند اور سمجھدار لوگ تو اس جھانسہ میں نہیں آرہے ہیں ، البتہ کافی لوگ اس جھانسے میں آکر اپنی بڑی بڑی رقم ہاتھ سے دھو بیٹھتے ہیں۔ اور شہر میں ایسے کئی واقعات تسلسل سے ہورہے ہیں۔

ساحل آن لائنعوام سے اپیل کرتا ہے کہ ایسے کسی بھی فون پر مطلق کوئی جانکاری نہ دیں۔ اکاؤنٹ ہولڈرس کا تعلق صرف متعلقہ بینک سے ہی ہوتاہے ، کسی بھی ایجنٹ یا ذمہ دار سے نہیں ہوتاہے ،اکاؤنٹ کے متعلق جو بھی کارروائی ہوتی ہے وہ صرف متعلقہ بینک پہنچ کر بینک کے عملے کے سامنے ہی انجام دی جاتی ہے۔ ایسی کوئی کارروائی نہیں ہے جو فون پر کی جاتی ہو۔ عوام خبردار رہیں اور ہرگز کسی بھی فون پر اپنے اکاؤنٹ کے متعلق جانکاری نہ دیں۔ گلف میں رہنے والے حضرات اپنی خواتین اور گھر والوں کو خبر کریں کہ وہ بھی ایسے کسی کال کے جھانسے میں نہ آئیں اور ہرگز اپنے اکائونٹ یا کارڈ کی تفصیلات کسی کو نہ دیں۔


Share: