بھٹکل 18 اپریل (ایس او نیوز)ملک سمیت ریاست بھر کے حالات سے پریشان ، بڑھتی مہنگائی، نفرت اور کمیشنوں پر ہورہے ترقیاتی کاموں سے بیزار اُجیرے شری رام حلقہ کے برہمانند سرسوتی سوامی جی نے اعلان کیا کہ حالات کو سدھارنے کے لئے اب یہی ایک راستہ بچا ہے کہ ہم سوامی لوگ ہی انتخابات میں حصہ لیں اور ریاست کے حالات کو سنبھالیں۔
بھٹکل تعلقہ کے شرالی شاردا ہولے پروگرام میں خطاب کرتے ہوئے سوامی برہمانند سرسوتی نے کہا کہ ریاست سمیت ملک بھر میں جس طرح کے حالات بنے ہوئے ہیں، اُس کو ٹھیک کرنے کے لئے اب ہم نے کرناٹک کے پچاس حلقوں میں سوامیوں کواُتارنے کا فیصلہ کیا ہے، ہم چاہتے ہیں کہ انتخابات میں کھڑے ہونے کا پہلا تجربہ بھٹکل سے ہی کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ میں بھٹکل حلقہ سے الیکشن لڑوں گا مجھے اُمید ہے کہ اگر میں مقابلے میں اُترا تو میرے مقابلے میں دوسرے اُمیدوار الیکشن سے دستبردار ہوجائیں گے۔ سوامی جی نے کہا کہ ہم یہاں رام راجیہ قائم کرنے کے تصور کے ساتھ ایک نئی سیاسی پارٹی ترتیب دیں گے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ہماری پارٹی کے پرچار کے لئے میرے پانچ لاکھ ناگا سادھو میدان میں اُتریں گے،اس لئے آپ کو میری پارٹی کے لئے انتخابی مہم میں شریک ہونے کی ضرورت نہیں۔ ہم سب راہب لوگ اب انتخابات میں اُترنے کے لئے تیار ہوگئے ہیں۔ سوامی جی نے کہا کہ ہمارے پاس ادتیہ ناتھ بھی ہیں جن کی تحریک سے ہم آگے بڑھ سکتے ہیں۔
اس موقع پر بھٹکل رکن اسمبلی سنیل نائک، اسمبلی کے اسپیکر اور سرسی کے رکن اسمبلی ویشویشور ہیگڈے کاگیری، سابق ارکان اسمبلی منکال ویدیا، جے ڈی نائک، آر این نائک ودیگر کئی سیاسی لیڈران موجود تھے۔
سوامی جی نےملک کے حالات پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے پردرد خطاب کیا، ان کے خطاب سے لگا کہ واقعی سوامی جی کی ٹیم اب اگلے الیکشن میں اُترنے والی ہے اور سوامی جی خود بھی الیکشن لڑیں گے۔ لیکن پروگرام کے اختتام کے بعد ساحل آن لائن سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں نے صرف وارننگ دینے کے لئے ایسا کہا تھا اور ہمارا الیکشن میں اُترنے کا ایسا کوئی پروگرام نہیں ہے۔