ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / بھٹکل: شمس اسکول میں کامیاب عید ملن کے پروگرام کا انعقاد :بھٹکل کابھائی چارہ مثالی :گنگا دھر نائک

بھٹکل: شمس اسکول میں کامیاب عید ملن کے پروگرام کا انعقاد :بھٹکل کابھائی چارہ مثالی :گنگا دھر نائک

Mon, 18 Jul 2016 21:26:56    S.O. News Service

بھٹکل:18/ جولائی(ایس او نیوز)شہر بھٹکل ہندو مسلم بھائی چارگی کی ایک تاریخ رکھتاہے، بظاہر شہر کے متعلق بے شمار بدگمانیاں اور بے تکی باتوں کو پھیلایا جارہاہے، لیکن سچائی کچھ اور ہے یہاں کے چن پٹن ہنومنت مندر رتھ اتسوا کے لئے مسلم خاندان کو دعوت دینا، مسلمانوں کی طرف سے  ہندؤوں کی شادیوں کے لئے تحفے تحائف دینا ایسی کئی ایک مثالیں یہاں کے بھائی چارے کی اعلیٰ مثالیں ہیں۔ ان خیالات کا اظہارمقامی کالج کے ایک لیکچررگنگادھرنائک نے کیا۔ وہ یہاں جامعہ آباد روڈ پر واقع نیو شمس انگلش میڈیم ہائی اسکول میں جماعت اسلامی ہند بھٹکل ، آل انڈیا آئڈیل ٹیچرس اسوسی ایشن بھٹکل اور تربیت ایجوکیشن سوسائٹی کے نیو شمس انگلش میڈیم ہائی اسکول کی طرف سے مشترکہ طورپر بھٹکل تعلقہ سرکاری ، امدادی ، غیر امدادی پرائمری ، ہائی اسکول ٹیچرس اور کالج لکچررس کے لئے منعقدہ عیدملن خیر سگالی طعام پروگرام میں مہمان خصوصی کے طورپر خطاب کررہے تھے۔

گنگادھر نائک نے اپنے خطاب میں اس بات پر افسوس ظاہر کیا کہ بھٹکل کے مقامی حالات کو دیکھے بغیر غلط سلط الزامات عائد کئے جارہے ہیں، جب کہ یہاں کی چمیلی کے پھولوں کی خوشبو زمانے سے ماحول کو معطر کرتی رہی ہے، یہ بہت ہی تشویش کی بات ہے کہ آج کئی وجوہات کی بنا پر متعلقہ خوشبو میں کچھ کمی ہورہی ہےلیکن مقامی عوام کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ اس خوشبو میں کمی ہونے نہ دیں مزید اس کو پھیلانے کی متحدہ کوشش کریں۔ انہوں نے ہندو مسلم اور دیگر مذاہب پر مشتمل پروگرام کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ جس طرح شامیانے کو الگ الگ کپڑوں کے ٹکڑوں سے سجایا سنوارا جاتاہے بالکل اسی طرح آج کا یہ پروگرام مختلف مذاہب و عقائد کے لوگوں کو ایک جگہ جمع کر کے ملکی شامیانے تعمیر کرنےکی ایک کوشش ہے جس کی ستائش کی جانی چاہئے۔ دنیا میں اختلافات اور تنازعات کا ہونا فطری ہے، لیکن ان سب کے باوجود بھارت میں ہم سب ایک ہوکر رہنا مثالی ہے۔ آج ملک بہت ہی پیچیدہ اور سنگین حالات سے گذر رہاہے، مذاہب کے درمیان نفرت پھیلانے کا کام کیاجارہاہے لیکن ہمیں ان دھرموں کے ذریعے روشنی پھیلانی ہے۔ پروگرام میں انہوں نے علامہ اقبال ؒ کی ’’لب پہ آتی ہے دعا بن کے تمنا میری ‘‘نظم سے متاثر ہونے کی بات کہتے ہوئے بہترین ترنم کے ساتھ نہ صرف پیش کیا، بلکہ کنڑا زبان میں اس کا مفہوم بھی پیش کیا۔

عیدملن پروگرام کی صدارت کرتے ہوئے جماعت اسلامی ہند منگلورو کے سکریٹری ، چارٹیڈاکاؤنٹنٹ محمد اسحاق پتور نے کہاکہ ہر انسان کو ذہنی غلاظت سے پاک ہونےکی سخت ضرورت ہے، رمضان المبارک میں مسلمانوں پر جو روزے فرض کئے گئے ہیں ان روزوں کا اصل مقصد بھی ذہنی پاکیزگی کو پیدا کرناہے۔ انہوں نےاسلام کے متعلق بتایا کہ اسلام کوئی نیا دین نہیں ہے، بلکہ یہ دین تمام سابقہ ادیان کی تصدیق کرتا ہے اور اس کی آخری و مکمل کڑی کے طورپر حضرت محمد ﷺ کو نازل کرکے اسلام کو مکمل کیا گیا ۔ ہم سب ایک ہی ماں باپ کی اولاد ہیں، ہم صرف دنیا کو نہ دیکھیں بلکہ اس کے بعد بھی ایک دنیا ہے جسے پرلوک یا آخرت کہتے ہیں وہاں اصل امتحان ہونے والاہے اس کی ہم تیاری کریں۔ اسلام صرف انسانوں کے ساتھ ہی نہیں بلکہ چرند، پرند، درند یعنی کائنات کی ہرچیز کے ساتھ بہتر سلوک کی تعلیم دیتاہے۔ آل انڈیا ٹیچرس اسوسی ایشن (آئیٹا ) کے ریاستی جنرل سکریٹری محمد رضا مانوی نے استقبالیہ اورافتتاحی کلمات پیش کرتے ہوئے عید، تہوار خوشی و مسرت اور بھائی چارے کے ساتھ مناناچاہئے، ان موقعوں پر کوئی خوف ، تشویش کا ماحول نہ ہو، لیکن افسوس کہ آج کسی بھی عید یا تہوار کے موقع پر ایک عجب سا ماحول ہوتاہے اسی کے دوران ہمیں اپنی خوشی منانی پڑتی ہے تو سوچئے کس طرح کے نظام میں جی رہے ہیں۔ آپسی اختلافات اور غلط فہمیوں کو دور کرتے ہوئے آپس میں بھائی چارے کے ساتھ رہنے کے لئے ہی جماعت اسلامی ہند اول دن سے کام کرتی رہی ہے اور ایسے پروگرامات کا اہتمام کرنے کی بات کہی۔ بھٹکل بلاک ایجوکیشن آفیسر وینکٹیش پٹگار، انجمن حامئی مسلمین بھٹکل کے صدر عبدالرحیم جوکاکو اور گنیاشیور ی ڈگری کالج کے پرنسپال ڈاکٹر آر این مورتی نے  بھی موقع کی مناسبت سے خطاب کیا۔

عیدملن کا آغاز مولانا عبداللہ ربی ندوی کی تلاوت کلام پا ک سے ہوا، شمس کے پی ای ٹیچر مہیش نائک نے کنڑا ترجمہ پیش کیا۔طارق فار قلیط ابن محمد رضامانوی نے کنڑازبان میں بھائی چارےپر مشتمل نظم کو بہترین انداز میں پیش کیا۔  مرڈیشور کے محمد الیاس جوگ فالس نے پروگرام کی نظامت کی۔ ڈائس پر بھٹکل تعلقہ سرکاری ملازمین سنگھ کے صدر ایم بی نائک، ہائی اسکول ٹیچرس سنگھ کے صدر جمبورمٹھ ، کرناٹکا پرائمری اسکول ٹیچرس سنگھ کے مقامی صدر اے بی مڈیوال، جماعت اسلامی ہند بھٹکل کے امیر مقامی مجاہد مصطفیٰ ، شمس اسکول بورڈ کے صدر قادر میراں پٹیل ، سکریٹری طلحہ سدی باپا موجود تھے۔تعلقہ بھر سے 100کے قریب استاد پروگرام میں شریک رہے۔  پروگرام سے پہلے تمام کے لئے طعام کا انتظام کیا گیا ۔


Share: