بھٹکل 29 نومبر (ایس او نیوز) بھٹکل تعلقہ کے معروف سیاحتی مقام مرڈیشور بیچ پر ایک سیاح سمندر میں غرق ہوکر ہلاک ہوگیا جس کی شناخت بنگلور کے بانسندری کے رہنے والے منجوناتھ وینکٹیش مڈیوال (20) کی حیثیت سے کی گئی ہے۔
پتہ چلا ہے کہ منجوناتھ اپنے سات دوستوں کے ساتھ شموگہ کی سیر کرتے ہوئے کل اتوار شام کو مرڈیشور پہنچا تھا، آج صبح قریب 9:30 بجے جملہ چھ لوگ سمندر میں تیرنے کے لئے اُترے تھے، مگر منجوناتھ سمندری لہروں میں بری طرح پھنس گیا۔ مقامی ماہی گیروں نے اسے غوطے کھاتا دیکھ کربچانے کی کوشش کی اور اسے سمندر سے باہر نکالنے میں کامیاب ہوئے، مگر اسپتال پہنچنے تک اس کی موت واقع ہوگئی۔
پتہ چلا ہے کہ منجوناتھ بنگلور میں میڈیکل پریکٹیشنر تھا، حادثے کے تعلق سے بنگلور میں اُس کے گھروالوں کو خبر کی گئی ہے۔
مرڈیشور پولس تھانہ میں معاملہ درج کیا گیا ہے۔