بھٹکل،3؍ مارچ (ایس او نیوز) مرڈیشور کے بستی کائکینی میں پارشوناتھ سوامی بسدی کے احاطے میں واقع ناگر کٹے کا پتھر اور ناگ یکشا کا کھمبا اکھاڑنے کے ملزم کو مرڈیشور پولیس نے گرفتار کر لیا۔
پولیس کے ذریعے گرفتار کیے گئے ملزم کا نام ماروتی شین باکڑ(28سال) بتایا جاتا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ اس نے شراب کے نشے میں دھت ہوکر 18فروری کی رات کو بسدی کے احاطے میں یہ کارروائی انجام دی تھی۔ اس نے وہاں پر موجود پانی کا پائپ بھی توڑ ڈالا تھا۔ لیکن وہ موقع پر سے فرار ہوتے وقت اپنی چپلیں بسدی کے احاطے میں ہی بھول گیا تھا۔ اسی سراغ کی بنیاد پر پولیس ملزم تک پہنچنے میں کامیاب ہوگئی۔ گرفتاری کے بعد ماروتی کو عدالت میں پیش کیا گیا جہاں سے اس کو عدالتی تحویل میں بھیج دیا گیا۔ پی ایس آئی رویندرا برادر نے اس معاملے میں تحقیقاتی آفیسر کی ذمہ داری انجام دی۔