بھٹکل:یکم مئی (ایس اؤنیوز)جس تیز رفتاری کے ساتھ اونٹ اپنی نکیل کھل جانےکے بعد بھاگ نکلتاہے اس سے کہیں زیادہ قرآن مجید انسانی دلوں سے نکل جاتاہے ، جو طلبا قرآن حفظ مکمل کرچکے ہیں وہ اپنا ایک ساتھی،جوڑی بنالیں اور کم سے کم دن میں 3پارے مکمل کریں تواس طرح انشاء اللہ مہینہ میں تین مرتبہ قرآن کا دورہوگا اس طرح آپ حفظ قرآن کی حفاظت کرسکیں گے۔ان خیالات کا اظہار نوائط کالونی تنظیم جامع مسجد کے خطیب مولانا محمد انصار خطیب ندوی مدنی نے کیا۔
وہ یہاں دارالتعلیم والتربیہ مدرسہ مخدوم کالونی بھٹکل میں بروز پیر کی صبح منعقدہ ’’تکمیل حفظ قرآن ‘‘کی خصوصی وروح پرور تقریب میں مہمان ِ خصوصی کی حیثیت سے خطاب کررہے تھے۔ مولانا نےبڑے ہی پیار وشفقت کے انداز میں حفاظ کرام اور ان کے والدین و سرپرستوں سے کہاکہ والدین اور سرپرستوں کی بھی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ اپنے حافظ قرآن بچوں کو ایساماحول فراہم کریں جس سے وہ یکسو ہوکر قرآن پڑھ سکیں۔ حفاظ کرام جان لیں صرف قرآن مجید کے الفاظ یا دکرلینا ہی کافی نہیں ہے،اس کے معنی کو جاننا ، مفہوم کو سمجھنا اور اس کے تقاضوں پر عمل کرنا ضروری ہے۔مولانا نے حفاظ کرام کو تاکید کرتے ہوئے کہاکہ قرآن کی تبلیغ و اشاعت کا کام کریں اور اپنی چال ڈھال ، رہن سہن، وضع قطع قرآن مجید کے مطابق اختیار کریں۔ مولانا نے کہاکہ قرآن کا حفظ کرلینا اللہ تعالیٰ کی خیر و برکت کو دامن میں اکٹھا کرلینا ہے۔ قرآن سے دنیاوی واخروی دونوں فائدے حاصل ہونگے۔مولانانے اس موقع پر مدرسین اوراساتذہ کرام جنہوںنے ان کی غلطیوں کو سنوارنے نکھارنے کے لئے سخت محنت کی ان کی خدمت میں مبارکبادی پیش کرتے ہوئے کہاکہ آج جو بچے حفظ قرآن مکمل کئے ہیں وہ انہی کی محنتوں کا ثمرہ ہے۔ اللہ تعالیٰ انہیں اس کا اجر عطا کرے۔ جلسے میں مدرسہ کے استاذ مولانا عبدالقدیر صاحب ندوی نے قرآن مجید اور قرآن مجید حفظ کی اہمیت پر خطاب کیا۔ مدرسہ انتظامیہ کے صدر حضرت مولانا محمد ایوب ندوی نے جلسے کی صدار ت کی اور قرآن حفظ مکمل کئے محمد کاشف ابن اسماعیل رکن الدین ،محمد عثمان ابن مولانا شجاع الدین ندوی ، محمد زید حارث ابن عبدالرؤوف سونور، محمد مدثر ابن محمد معروف، زبرقان ابن محمد اشفاق سدی باپا، مرتضیٰ ابن حبیب اللہ اسحقی مرحوم، محمد انوف ابن جابر صاحب بیلگی ، احمد ابن محمد صاحب نائطے کو تکمیل حفظ کرایا۔ اس موقع پر مدرسہ کے مہتمم مولانا شجاع الدین ندوی ، مولانا محمد انصار خطیب ندوی مدنی دیگر اساتذہ کرام اور سرپرست ووالدین موجود تھے۔
جلسے کا آغاز ہدایت اللہ ابن انصار صاحب ائیکری کی تلاوت قرآن سے ہوا۔ ذوالقرنین ابن نظام الدین نے ہدیہ نعت پیش کی۔ عزیزی محمد سہیل شیخ نے قرآن کی عظمت پر نظم پیش کی۔ مولانا شقیق احمد دامودی ندوی نے نظامت کے فرائض انجام دئیے۔