بھٹکل:9/جنوری (ایس او نیوز) حکومتی سطح پر غریبوں کے لئے جاری کئے گئے منصوبہ جات کے متعلق عوام کوضروری معلومات حاصل کرنا ضروری ہے، یہ بات تعلقہ پنچایت نائب صدر رادھا وئیدیا نے کہی۔ وہ یہاں ضلعی انتظامیہ ، ضلع پنچایت ، سورنا آروگیہ سرکشھا ٹرسٹ ، محکمہ صحت اور خاندانی فلاح و بہبودی ، محکمہ عوامی رابطہ اور نشریات اترکنڑا کے اشتراک سے تعلقہ سرکاری اسپتال کے صحن میں پسماندہ ذات، پچھڑے طبقات کے لئے منعقدہ خصوصی صحت جانچ کیمپ کا افتتاح کرنے کے بعد خطاب کررہی تھیں۔ انہوں نے کہاکہ بھٹکل جیسے علاقہ میں ایسے صحت کیمپوں کی اشد ضرورت ہے، عوامی نمائندوں کو چاہئے کہ وہ افسران سے جانکاری اور معلومات لے کر سرکاری منصوبہ جات کو عوام تک پہنچانے اور اس کا بہتر استعمال کرنےکی کوشش کریں۔
افتتاحی کلمات پیش کرتے ہوئے ضلع صحت آفیسر جی این اشوک کمار نے کہاکہ سرکاری سطح پر نچلے طبقات کو اوپر اٹھانے کی کوششیں کی جارہی ہیں، جدید دنیا میں زندگی اجیرن بنتی جارہی ہے، عوام میں صحت کے تعلق سے بیداری پیدا کرنےکا کام جاری ہے، انہوں نے غریب خاندان کے مریضوں کو سوپر اسپشالٹی اسپتال کی سہولیات فراہم کرنے کی بات کہی۔ ڈٓائس پر بھٹکل تعلقہ میڈیکل افسر ڈاکٹر مورتی راج بھٹ، مقامی لیڈر وغیرہ موجود تھے۔
سنئیر صحت عامہ کے آفیسر ایریا دویواڑیگا نے استقبال کیا۔ ضلع صحت عامہ کے تعلیمی افسر ایس جی نائک نے نظامت کے فرائض انجام دیتے ہوئے شکریہ اداکیا۔