بھٹکل:18/اگست(ایس او نیوز)سماج میں موجود عوامی نمائندے ، رہنما ، پیشوا اور لیڈران کو ایماندار ہونا چاہئے، ہم بھٹک جائیں تو سماج بھی بھٹکنے کاخدشہ ہوتاہے اس بات کو لیدڑان، عوامی نمائندے اورپیشوا ؤوں کو سمجھنا چاہئے اس لئے انہیں ایماندار ہونا چاہئے۔ اسی طرح ذات پات، طبقات وغیرہ سے پاک دل اور نیک نیتی سے مندر جائیں گے تو بھگوان ہماری بھگتی کو قبول کرے گا، ان باتوں کا خیالدھرمستھل کے شری برہمانند سرسوتی سوامی جی نے ظاہر کیا۔
وہ یہاں ماوین کوروے پنچایت حدود کے کریکال میں شری رام اکشھتر کی طرف سے دھیان مندر کے سنگ بنیاد پروگرام میں وہ خطاب کر رہے تھے۔ سوامی جی نے کہا کہ آج کا انسان خاندان اور دیگر معاملات میں پھنس کر ذہنی امن و سکون کی تلاش میں سرگرداں دیکھا جاسکتا ہے۔ ذہن کوپرسکون رکھنے کے لئے روزانہ دھیان میں مگن رہنا اشد ضروری ہے۔ سماج میں ترقی پانے کے لئے تعلیم ضروری ہے، شری رام اکشھتر میں ذات پات دیکھے بغیر 450سے زائد پچھڑےغریب بچوں کو مفت میں تعلیم دی جارہی ہے، عوام کو چاہئے کہ اقتدار، دھن دولت پانے کے بعد غرور نہ کریں بلکہ خود کو سماجی خدمت میں مصروف رکھے۔
پروگرام کا افتتاح کرنے کے بعد خطاب کرتے ہوئے رکن اسمبلی منکال وئیدیا نے کہاکہ جو کام حکومت کو کرنا تھا وہ کام برہمانند سوامی جی انجام دے رہے ہیں جو واقعی میں مثالی کام ہے۔ انہوں نے اس موقع پریقین دلایا کہ وہ دھیان مندر کی تعمیر کے لئے ممکنہ امداد ضرور کریں گے۔ ضلع پنچایت صدر جئے شری موگیر نے پروگرام کی صدارت کی ۔ کرشنپا پجاری نے افتتاحی کلمات پیش کئے، نامدھاری سماج کے صدر ڈی بی نائک نے استقبال کیا۔ پروگرام میں مہمان خصوصی کے طورپر موظف پولس افسر پتامبر ہراجے نے بھی خطاب کیا۔ ڈائس پر سابق ایم ایل اے جے ڈی نائک، ٹرسٹی جے این نائک، کاسکارڈ بینک کے نائب صدر ایشور نائک، تعلقہ پنچایت صدر ایشور نائک، پی ایل ڈی بینک کے صدر سنیل بی نائک، وامن نائک، گووند نائک وغیرہ موجود تھے۔