بھٹکل:یکم اکتوبر(ایس او نیوز) بھٹکل تعلقہ مٹھلی گرام پنچایت حدود کے موڈ بھٹکل کا ہیباگلو روڈ مکمل طورپر ادھڑ گیا ہے، تھوڑی سی بارش ہوتی ہے تو سڑک کیچڑ میں تبدیل ہوجاتی ہے راہ گیر سمیت عوام کے لئے گزرنا محال ہوجاتاہے۔
تعلقہ بھر میں سڑکوں کی ٹھیک نگرانی نہیں ہونا، اندرونی نالیوں کی بدنظمی ، کچرے نکاسی جیسے کئی مسائل بھٹکل کا سردرد بنے ہوئے ہیں۔ ان مسائل کے رہتے تعلقہ میں چندایک سڑکوں پر تارکول بچھانے کاتیقن دینے کے سوا ابھی تک کچھ نہیں ہوا۔ موڈبھٹکل ہیباگلو کی سڑک اس کی اچھی مثال ہوسکتی ہے۔ مٹھلی گرام پنچایت کے عوام کو پچھلے دس سالوں سے متعلقہ سڑک پر تارکول بچھائے جانے کی امید دکھا کر انہیں مطمئن کرنے کی کوشش کی جاتی رہی ہے۔ تھوڑی سی بارش کے بعد اس سڑک سے گزرنے والا ہر ایک کیچڑ میں نہا کر ہی جاتا ہے۔ متعلقہ پنچایت کے حدود میں قریب 200گھر ہیں، جن کے لئے یہی سڑک اہم ہے ، لیکن مٹھلی گرام پنچایت خود اپنے عوام کے لئے کچھ بھی نہیں کرنے کا مقامی لوگوں نے الزام لگایا ۔ سڑک کا مسئلہ لے کر جب گرام پنچایت سے درخواست کی جاتی ہے تو جواب ملتاہے کہ یہ کام ہمارا نہیں بلکہ ضلع پنچایت کا ہے۔ پھر علاقہ کے ضلع پنچایت ممبر سے رابطہ کیا جاتاہے تو کوئی جواب نہیں۔ عوام کا کہنا ہے کہ مان لیجئے کہ یہ کام ضلع پنچایت کا ہی ہے تو گرام پنچایت ، ضلع پنچایت کو سڑک کی خستگی دکھاکر کام کروا سکتی ہے کیوں نہیں کیا جارہاہے۔
عوام نے مطالبہ کیا ہے کہ ہر دن اسی گدلی سڑک سے گزرنے والے مقامی عوام کی ابتر حالت کو دیکھتے ہوئے متعلقہ محکمہ عوام کے لئے راحت رسانی کاکام کرے ، عوامی نمائندے بھی اپنی ذمہ داری کو سمجھتے ہوئے اس کی طرف توجہ دیں۔
اس سلسلے میں مقامی مکین وینکٹ رمن نائک نے بتایاکہ یہ سڑک برباد ہوکر گدلے پن سے بھرگئی ہے، اس کے باوجود کوئی ادھر نظر اٹھا کر بھی نہیں دیکھ رہا ہے۔ انتخابات کے دوران سڑک پر تارکول بچھانے کا پکا وعدہ کرتے ہیں پھر بھول جاتے ہیں، مگر ابھی تک کوئی مستقل حل نہیں ہواہے۔