ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بہار کے بھاگلپور میں دھماکہ، 14ہلاک

بہار کے بھاگلپور میں دھماکہ، 14ہلاک

Sat, 05 Mar 2022 11:18:00    S.O. News Service

بھاگلپور،5؍مارچ (ایس او نیوز؍ایجنسی) بہار میں شہر بھاگلپور کے تاتارپور علاقے میں جمعرات کی دیر رات شدید دھماکے کے سبب ایک مکان گرنے سے ملبے میں دب کر ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر14ہو گئی ہے -

بھاگلپور کے ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس سوجیت کمار نے جمعہ کو یہاں بتایا کہ کاجولیچک محلے میں ایک تین منزلہ مکان جمعرات کی دیر رات زور دار دھماکے سے منہدم ہو گیا اور اس کے ملبے تلے دب کر کم از کم 14افراد ہلاک ہوگئے اور12دیگر افراد زخمی ہو گئے -تمام زخمیوں کو بھاگلپور کے صدر اسپتال اور جواہر لال نہرو میڈیکل کالج اسپتال میں داخل کروایا گیا ہے - کئی زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے - زور دار دھماکے کی وجہ سے منہدم ہونے والے مکان کے ملبے کو صاف کرنے کا کام تیزی سے جاری ہے اور ملبہ ہٹانے کے بعد ہلاکتوں کی تعداد میں اضافہ ہو سکتا ہے - اس حادثے میں تباہ شدہ مکان کے قریب دودیگر مکانوں کو بھی نقصان پہنچا ہے -

ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس نے کہا کہ اس حادثے کی ابتدائی تحقیقات میں مذکورہ مکان میں غیر قانونی پٹاخے اور دیسی ساختہ بم کی چیزیں سامنے آئی ہیں - فورنسک سائنس لیبارٹری (ایف ایس ایل) کی ٹیم نے موقع پر پہنچ کر معاملے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں - ضلع مجسٹریٹ، سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس سمیت پولیس اور ضلع انتظامیہ کے کئی افسر موقع پر پہنچ گئے ہیں اور بچاؤ اور راحت کا کام جاری ہے -


Share: