بنگلورو۔28؍فروری(ایس او نیوز) آج بی بی ایم پی ٹیکس اینڈ فائنانس کمیٹی چیرمین مہادیو نے اپنے بجٹ میں دارالعلوم سبیل الرشاد کیلئے بی بی ایم پی کے بجٹ میں دس کروڑ روپے دینے کا اعلان کیا۔ اس کے علاوہ شہر کی تاریخی جامع مسجد بنگلور سٹی اور اس سے ملحق جامع العلوم تعلیمی اداروں کیلئے بی بی ایم پی بجٹ میں دس کروڑ روپے دینے کا اعلان ہوا ہے۔ اس کے علاوہ شہر کے ایک اور قدیم تعلیمی ادارہ قوت الاسلام کیلئے میئر نے دو کروڑ روپیوں کی رقم دینے کااعلان کیا۔ بتایا گیا ہے کہ برہت بنگلور مہانگر پالیکے کے بجٹ میں شہر کے اقلیتی آبادی والے علاقوں کی ترقی پر خصوصی توجہ دی گئی ہے،جبکہ وزیراعلیٰ سدرامیا نے اپنے ریاستی بجٹ میں دارالعلوم سبیل الرشاد کے احاطہ میں ایوان اشرف کی تعمیر کیلئے دس کروڑ روپے دینے کا اعلان کیاہے۔
بی بی ایم پی بجٹ کے بعد ان اعلانات کے متعلق ردعمل ظاہر کرتے ہوئے میئر سمپت راج نے بتایا کہ اقلیتی ادارے قوت الاسلام میں ہی انہوں نے اپنی تعلیم حاصل کی۔ اس ادارہ کیلئے انہوں نے جو کچھ کیا ہے وہ صرف ایک معمولی دین ہے۔ میئر نے کہاکہ دارالعلوم سبیل الرشاد ریاست کا ایک اہم تعلیمی مرکز ہے جہاں نہ صرف کرناٹک یا ہندوستان بلکہ دنیا کے مختلف حصو ں سے طلبا اپنی علمی تشنگی کو سیراب کررہے ہیں۔اس ادارہ کی ترقی میں جس طرح ریاستی حکومت نے آگے بڑھ کر دس کروڑ روپے دینے کا اعلان کیا ہے اسی کے نقش قدم پر بی بی ایم پی کی طرف سے بھی سبیل الرشاد کی ترقی کیلئے دس کروڑ روپے بجٹ میں مختص کئے گئے ہیں۔ جامع مسجد بنگلور سٹی اور جامع العلوم کو دس کروڑ روپے دئے جانے کے بارے میں میئر نے کہا کہ جامع مسجد بنگلور سٹی شہر کی تاریخی مسجد ہے، یہ ادارہ ایک سو سال سے زیادہ قدیم ہے۔ جامع العلوم میں نرسری سے لے کر ڈگری تک ہزاروں کی تعداد میں بچے تعلیم حاصل کررہے ہیں ،اس کے منتظمین کا منصوبہ ہے کہ ایک میڈیکل کالج بھی شروع کریں۔ بی بی ایم پی نے جو رقم فراہم کی ہے وہ اس منصوبے کو پورا کرنے میں کافی معاون ہوگی۔ انہوں نے کہاکہ بی بی ایم پی کے بجٹ میں اقلیتی علاقوں کی ترقی کیلئے بھی خصوصی توجہ دی گئی ہے۔ شیواجی نگر علاقہ میں آنے والی کشتی کی تعلیم کی ترقی کیلئے بجٹ میں 50 لاکھ منظور کئے گئے ہیں۔ میئر نے بتایاکہ ان کے اپنے وارڈ ڈی جے ہلی میں آنے والے روشن نگر علاقہ میں اقلیتوں کیلئے 300مکانات کی تعمیر کیلئے 20کروڑ روپے فراہم کئے گئے ہیں۔ اسی طرح شہر کے کثیر اقلیتی آبادی والے علاقوں جن میں شیواجی نگر ، پلکیشی نگر، سروگنا نگر ، چامراج پیٹ، شانتی نگر ، جئے نگر، بی ٹی ایم لے آؤٹ وغیرہ میں ترقیاتی کاموں کیلئے مختلف پراجکٹوں کی نشاندہی کرکے قطیر رقم مہیا کرائی گئی ہے۔ اس موقع پر کارپوریٹراور بی بی ایم پی کی سماجی انصاف کمیٹی کے چیرمین اے آر ذاکر ، ایس کے گارڈن کے کارپوریٹر محمد ضمیر شاہ اور منورائن پالیہ کے کارپوریٹر عبدالواجد نے اقلیتی علاقوں کی ترقی کیلئے بی بی ایم پی بجٹ میں فراخدلانہ فنڈز کی فراہمی خاص طور پر جامع مسجد بنگلور سٹی اور دارالعلوم سبیل الرشاد کیلئے دس دس کروڑ روپیوں کے فنڈز کے اعلان پر میئر کا شکریہ ادا کیا اور انہیں تہنیت پیش کی۔