ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بی بی ایم پی کو 243وارڈوں میں تقسیم کرنے کا فیصلہ

بی بی ایم پی کو 243وارڈوں میں تقسیم کرنے کا فیصلہ

Wed, 07 Oct 2020 13:28:32    S.O. News Service

بنگلورو،7؍اکتوبر(ایس او  نیوز) شہر بنگلورو کے دن بہ دن پھیلنے کے سبب شہر کے بلدیہ کی حدود کو وسعت دینے کی مانگ کافی عرصے سے ہورہی ہے۔ کرناٹک لیجس لیچر کی مشترکہ اسٹانڈنگ کمیٹی نے اس مانگ کا جائزہ لینے کے بعد اب اس نتیجے پر پہنچی ہے کہ بی بی ایم پی کے موجودہ198وارڈوں کے ساتھ45نئے وارڈ شامل کر لئے جائیں۔ منگل کے روز کمیٹی کے اجلاس میں اس تعلق سے قطعی فیصلہ ہو گیا۔ اس کمیٹی کے چیرمین اور رکن اسمبلی رگھو نے بتایا کہ بی بی ایم پی کی حدود سے باہر آنے والے بعض علاقوں کو شامل کرنے کے ساتھ ساتھ شہر ی آبادی کے تناسب سے وارڈوں کی از سر نو ترتیب پر کمیٹی کے تمام اراکین نے پارٹی امتیازات سے بالاتر ہوکر زور دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کمیٹی کے تمام 9اراکین جن میں بی جے پی، کانگریس اور جے ڈیس ایس کے نمائندے ہیں ان تمام نے شہر میں وارڈوں کی تعداد کو بڑھا کر 243کردینے پر اتفاق کر لیا ہے۔ بی بی ایم پی کی طرف سے 198وارڈوں کی حد بندی پر پہلے اور اب بھی ہر حلقہ سے نکتہ چینی کی جا رہی تھی۔ حال ہی میں تازہ حد بندی کر کے جو احکامات جاری کئے گئے تھے ان پر بھی حکمران بی جے پی، اپوزیشن کانگریس اور جے ڈی ایس اراکین کے علاوہ عوامی حلقوں میں بھی اعتراضات تھے۔ اب بی بی ایم پی کمشنر منجوناتھ پرساد کی قیادت والے تازہ حد بندی کمیشن کو یہ ذمہ داری سونپی گئی ہے کہ وہ شہر کو 243وارڈوں میں آبادی کے تناسب کو ذہن میں رکھتے ہوئے ریزرویشن کے تقاضوں کی تکمیل کے ساتھ تقسیم کریں۔ اس کمیشن میں منجوناتھ پرساد کے ساتھ بنگلورو اربن ضلع کے ڈپٹی کمشنر، بی ڈی اے چیر مین اور بی بی ایم پی اسپیشل کمشنر (محصولات) بطور ممبران شامل رہیں گے۔حال ہی میں بی بی ایم پی کے وارڈوں کو 225سے لے کر 250تک کردینے کے سلسلہ میں ریاستی اسمبلی اور کونسل میں بل کی منظوری اور ان قانون کو گورنر واجو بھائی والاکی طرف سے منظور کئے جانے کے فوری بعد اس کمیٹی نے شہر کے وارڈوں کی تعداد بڑھانے کے بارے میں فیصلہ لے لیا۔ رگھو نے بتایا کہ بی بی ایم پی کمشنر کی قیادت والے حد بندی کمیشن کی طرف سے وارڈوں کی حد بندی کا عمل جلد از جلد پورا کر لیا جائے گا تاکہ بی بی ایم پی کے انتخابات بھی جلد کروائے جا سکیں۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ فروری تک بی بی ایم پی کے انتخابات کروائے جا سکتے ہیں۔ یا درہے کہ بی بی ایم پی کی میعاد حال ہی میں ختم ہوئی تھی۔ تازہ حد بندی کے عمل کی وجہ سے اس کے لئے انتخابات بروقت نہ کروائے جا سکے۔


Share: