نئی دہلی،18؍ فروری (ایس او نیوز؍ایجنسی) کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے جمعہ کو کہا کہ بہار کے سابق چیف منسٹر لالو پرساد یادو پر بی جے پی کی سیاست کے سامنے نہ جھکنے پر حملہ کیا جارہا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ لالو پرساد کو انصاف ملے گا۔
پرینکا گاندھی نے ٹویٹ کیاکہ یہ بی جے پی کی سیاست کا ایک اہم پہلو ہے کہ جو ان کے سامنے نہیں جھکتا اسے ہر طرح سے ہراساں کیا جاتا ہے۔ اسی سیاست کی وجہ سے لالو پرساد یادو جی پر حملے ہو رہے ہیں۔ مجھے امید ہے کہ انہیں انصاف ملے گا۔
سی بی آئی کی ایک خصوصی عدالت نے چارہ گھوٹالہ معاملے میں لالو پرساد یادو سمیت 41 ملزمان کو منگل کو انڈین پینل کوڈ کی دفعہ 120بی کے تحت ڈورانڈا خزانے سے 139.35 کروڑ روپئے کی غیر قانونی نکاسی کے معاملے میں گرفتار کر لیا۔ بدعنوانی کی روک تھام کے ایکٹ کے تحت سزا پانے کے بعد انہیں جیل بھیجنے کی ہدایت کی گئی تھی اور اب ان کی سزا پر سماعت کے لیے 21 فروری کی تاریخ مقرر کی گئی ہے۔