منگلورو:15/اگست(ایس او نیوز)دبئی بیاریس کلچرل فورم (بی سی ایف)کے زیر اہتمام ہونہار اور باصلاحیت طلبا کو تعلیمی وظائف ، اپاہجوں کو وھیل چیئر اور غریب خواتین کو روزگار بنانے کے لئے ٹیلرنگ مشین کی تقسیم کاری کا پروگرام شہر کے سینٹ الوشیس کالج کے لوئیلا ہال میں اتوار کو منعقد ہوا۔
پروگرام میں 650طلبا کو تعلیمی وظائف ، 20اپاہجوں کو وھیل چیئر اور 15خواتین میں سلائی مشین سمیت کل 28لاکھ روپئے قیمت کے سہولیاتی اشیاء کی تقسیم کی گئی ۔
رکن اسمبلی محی الدین باوا نے پروگرام کا افتتاح کرنے کے بعد خطا ب کرتے ہوئے کہاکہ موجودہ زمانے میں جو طلبا معاشی طورپر کمزور ہیں انہیں تعلیم حاصل کرنا کافی مشکل ہوتاہے، ان حالات میں بی سی ایف جیسے اداروں کی جانب سے تعلیمی میدان میں طلبا کی وظائف کے ذریعے امداد کرنا قابل ستائش ہے۔ مہمان ِ خصوصی کے طورپر وزیرغذا اور شہری سپلائی یو ٹی قادر نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ تعلیمی سطح پر مضبوط ہوتے ہیں تو معاشی طورپر استحکام ممکن ہوتاہے۔ اس لئے طلبا کو تعلیم کی طرف زیادہ توجہ دینا چاہئے۔ بی سی ایف کے صدر ڈاکٹر بی کے یوسف نے پروگرام کی صدارت کی۔ پروگرام میں جبیل کے ’’ المزین‘‘ کمپنی کے چیرمن ذکریا جوکٹے کو ’’اسٹار آف بیاریس -2016‘‘ ایوارڈاور اوشین کنسٹرکشن انڈیا پرائیویٹ لمیٹیڈ کے انتظامی ڈائرکٹر عنایت علی کو ’’یوتھ انڈسٹریالسٹ‘‘ایوارڈ سے نوازا گیا۔
پروگرام میں ایس ایس ایل سی اور پی یوسی کے تینوں شعبہ جات میں امتیازی نمبرات سے کامیاب 9ہونہار طلبا کو، بی ای میں بہترین کارکردگی کامظاہرہ کرنے والے طلبا کواور کھیل کے میدان میں خاص مظاہرہ کرنے والے کھلاڑی کو بی سی ایف ایوارڈ سے تہنیت کی گئی ۔ سلائی مشین اور وھیل چیئر تقسیم کی گئیں۔ ودھان پریشد کے چیف وھیپ آئیون ڈیسوزا ، فضامتحدہ اداروں کے صدر بی ایم فاروق، مکا سی فوڈ کے کے محمد حارث، ٹالنٹ ریسرچ فاؤنڈیشن کے بانی صدر عبدالرؤوف پتگے ، منگلورو یونیورسٹی کے رجسٹرار(جانچ )ڈاکٹر اے ایم خان، برش انٹرنیشنل گروپ کے فتح اللہ صاحب، تونسے دھرما گروپ کے ایم ڈی شیخ شریف، بھلوؤ اسوسی ایشن دبئی کے صدر ستیش پجاری سمیت مختلف اداروں کے عہدیداران اورذمہ دارن موجود تھے۔ بی سی ایف طلبا وظائف کمیٹی کے صدر ایم ای مولور نے افتتاحی کلمات پیش کئے ۔ بی سی ایف کے سرپرست بی ایم ممتاز علی نے استقبال کیا۔ عبدالطیف ملکی نے شکریہ اداکیا۔ ڈاکٹر کاپو محمد نے نظامت کے فرائض انجام دئیے۔
کیرئیر گائڈنس کیمپ : بی سی ایف کی طرف سے سینٹ الوشیس کالج کے لوئیلا ہال میں طلبا کو پیشہ ورانہ رہنمائی کے لئے کیمپ کا انعقاد کیا گیا۔ یو اے ای ، لندن، امریکہ سٹی کالج کے ڈائرکٹر ڈاکٹر کاپو محمد نے طلبا کو پیشہ کے متعلق رہنمائی کی۔ اس موقع پر کئی ذمہ داران موجود تھے۔