بھٹکل 17 ڈسمبر (ایس او نیوز) بیندور اور بھٹکل ریلوے اسٹیشن پر ایک ساتھ چھاپہ مارتے ہوئے پولس نے تین لوگوں کو سونے کے زیورات کے ساتھ گرفتار کرلیا اور 1.633 کلو سونے کے زیورات جس کی مالیت 61.47 لاکھ روپیہ لگائی گئی ہے، برآمد کرتے ہوئے اُسے ضبط کرلیا۔واردات منگل کو پیش آئی۔ پولس نے بتایا کہ یہ لوگ غیر قانونی طور پر سونا اسمگل کررہے تھے۔
پولس ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق کنداپور کے اسسٹنٹ ایس پی ہری رام شنکر کو مصدقہ ذرائع سے خبر ملی تھی کہ ایرناکولم سے آنے والی ایک ٹرین پر گولڈ اسمگل کی جارہی ہے، خبر ملتے ہی انہوں نے کنداپور، بیندور اور بھٹکل ریلوے اسٹیشن پر پولس کو تعینات کردیا، بیندور ریلوے اسٹیشن پر اُترتے ہی پولس نے بھٹکل کے رہائشی محمد اسماعیل کو گرفتار کرلیا اور اس کے پاس موجود253 گرام سونے کے زیورات کو برآمد کرلیا گیا، اُدھر بھٹکل ریلوے اسٹیشن پر اُترتے ہی راہف اور سید عُمیر کو گرفتار کرلیا جن کے پاس سے بالترتیب 1.166 کلو اور 213 گرام سونے کے زیورات برآمد کرلیا۔
پولس نے بتایا کہ یہ لوگ ایرناکولم سے بذریعہ ٹرین بھٹکل آرہے تھے،اور پولس کو غیر قانونی طور پر سونے کے زیورات اسمگل کرنے کی مصدقہ ذرائع سے اطلاع مل گئی تھی، کنداپور اسسٹنٹ ایس پی نے بھٹکل اسسٹنٹ ایس پی نکھیل کو بھی واقعے کی جانکاری دیتے ہوئے بھٹکل ریلوے اسٹیشن پر بھی پولس کو پہلے سے تیار رکھا تھا، جیسے ہی یہ لوگ ٹرین سے اُترے، گرفتار کرلیا گیا۔