نئی دہلی، 30 اپریل(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ(ای ڈی) بینک قرض کی دھوکہ دہی سے منسلک منی لانڈرنگ کیس میں آئی سی آئی سی آئی بینک کی سابق سی ای او چندا کوچر کے شوہر دیپک کوچر کے بھائی راجیو کوچر سے پوچھ گچھ کر رہی ہے،اگرچہ چندا اور ان کے شوہر دیپک کوچر نے ای ڈی سے خود سے پوچھ گچھ کے لیے ملتوی کرنے کی درخواست کر رکھی ہے۔اس سے پہلے ای ڈی نے گزشتہ ہفتے چندہ اور دیپک کوچر کو سمن جاری کرتے ہوئے ایک ہفتے میں جواب دینے کو کہا تھا۔ای ڈی حکام کے مطابق چندا کوچر کو 3 مئی کو پوچھ گچھ کے لئے طلب کیا گیا ہے۔وہیں چندا کوچر کے شوہر دیپک اور ان کے بھائی راجیو کو 30 اپریل کو کیس کے تفتیشی افسر کے سامنے پیش ہونے کے لئے کہا گیا تھا،اگرچہ دیپک نے پوچھ گچھ کے لیے ملتوی کرنے کی مانگ کی تھی۔ای ڈی کی جانب سے جاری سمن میں کوچر برادران سے منی لانڈرنگ سراغ رساں ایکٹ (پی ایم ایل اے) کے تحت بیان درج کرنے کے لئے بھی کہا گیا تھا۔اس کے علاوہ نجی اور سرکاری مالیاتی معلومات سے منسلک کچھ دستاویزات بھی لانے کو کہا گیا تھا۔بینک قرض کیس میں گزشتہ ماہ ایک مارچ کو چھاپہ ماری کے بعد ای ڈی نے چندا کوچر اور ان کے شوہر دیپک سے ای ڈی کے ممبئی آفس میں پوچھ گچھ کی تھی۔ای ڈی نے چندہ کوچر، ان کے خاندان اور ویڈیوکان گروپ کے وینو گوپال دھوت کے ممبئی اور اورنگ آباد ٹھکانوں پر چھاپہ ماری کی تھی۔ای ڈی نے اس سال کے آغاز میں چندا کوچر، دیپک کوچر، وینو گوپال دھوت اور دیگر کے خلاف آئی سی آئی سی آئی کی طرف سے ویڈیوکان گروپ کو 1875 کروڑ روپے کی قرض کی منظوری دینے کے معاملے میں مبینہ بے قاعدگیوں اور کرپشن کی تحقیقات کے لئے پی ایم ایل اے ایکٹ کے تحت فوجداری مقدمہ درج کیا تھا۔چندا کوچر نے گزشتہ سال اکتوبر میں آئی سی آئی سی آئی بینک کی چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) اور منیجنگ ڈائریکٹر (ایم ڈی) کا عہدہ چھوڑ دیا تھا۔