ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / بینگلو ودھان سودھا عمارت میں منکال وئیدیا کے دفتر کا افتتاح؛ کہا؛ اترکنڑا میں ملٹی اسپیشالٹی اسپتال کی تعمیر یقینی

بینگلو ودھان سودھا عمارت میں منکال وئیدیا کے دفتر کا افتتاح؛ کہا؛ اترکنڑا میں ملٹی اسپیشالٹی اسپتال کی تعمیر یقینی

Tue, 13 Jun 2023 18:32:50    S.O. News Service

بھٹکل: 13؍جون(ایس اؤ نیوز )اترکنڑا ضلع میں ملٹی اسپیشالٹی اسپتال کی تعمیر کا ہم نے فیصلہ لیاہے اور ہر حال میں اس کی تعمیر کریں گے، اس بات کا تیقن اُترکنڑا   ضلع انچارج اور وزیر برائے ماہی گیری ، بندرگاہ و بری نقل و حمل  منکال وئیدیا  نے دیا۔

بینگلو ودھان سودھا عمارت میں اپنے دفتر کا افتتاح کرنے کے بعد  اخبارنویسوں سے بات کرتےہوئے موصوف وزیر نےکہاکہ ضلع میں ملٹی اسپیشالٹی اسپتال کی تعمیر کےسلسلے میں پہلی میٹنگ ہوچکی ہے، اس سے پہلے ہم نے میڈیکل کالج کا قیام کیا تھا اور اسی کو ترقی دینے کا منصوبہ بھی تھا لیکن ہمارے عوام  ہوناور ، بھٹکل یا کمٹہ میں تعمیر کرنے پر زور دے رہے ہیں۔ اس تعلق سے جہاں  100بیڈ والے اسپتال کی ضرورت ہے وہاں ملٹی اسپیشالٹی اسپتال تعمیر  کی جائے گی۔

اترکنڑا ضلع کے عوام کو  علاج کےلئے اکثر منگلورو، شیموگہ اور دھارواڑ جانا ہوتاہے، اترکنڑا ضلع میں ہی ایک ملٹی اسپیشالٹی اسپتال کی تعمیر دیرینہ مانگ ہے۔ پچھلی حکومت کمٹہ میں اسپتال کی تعمیر کا اعلان کرکے مارچ میں سنگ بنیاد کی بات کہہ رہی تھی لیکن وہ عملی طورپر ممکن نہیں ہوااور زمین کا مسئلہ پیدا ہونے سے معاملہ پیچھے چلا گیا۔ اس کے بعد انتخابات کا اعلان ہونے  سے بات آگے نہیں بڑھی ۔ اب اترکنڑا ضلع نگراں کاروزیر خود ملٹی  اسپیشالٹی اسپتال کے تعمیر کا اعلان کئے جانے سے ایک دیرینہ اور ضروری مانگ کا خواب پورا ہوتا نظر آرہا ہے۔

500کروڑر وپئے چاہئے : وزیر منکال وئیدیا نےبتایا کہ ساحلی علاقے میں ساحلی کٹاؤ زیادہ ہے، مانسون کے دوران ساحلی کٹاؤ کی حفاظت کرنےکےسلسلےمیں اقدامات کئے جاچکے ہیں۔ فی الحال ہمارے محکمہ کو 500کروڑروپئے چاہئے ۔اس تعلق سے میں نے  افسران کے ساتھ میٹنگ کی ہے اور ضروری معلومات لی ہے۔ انہوں نے کہا کہ  ماہی گیروں کے مسائل کو حل کرنےکے سلسلے میں اقدامات کئے جائیں گے۔

ادھورےکام مکمل ہونگے :ریاست کے ساحلی علاقے میں سمندری ساحل کی لمبائی 300کلومیٹر ہے۔ جہاں جہاں ساحلی کٹاؤ ہوتاہے اس کو نشان زد کیاجاچکا ہے۔ کارواراورملپے بندرگاہوں کا کام ادھوراہے۔ اب اس کو مکمل کرنا ہے۔ سب سے پہلے جتنے کام ادھورے ہیں انہیں پوراکرنا ضروری ہے۔

ساحلی کٹاؤ کا تحفظ: ساحلی علاقے میں ساحلی کٹاؤ بہت زیادہ ہوتاہے۔ خاص کر مانسون میں زیادہ ہوتاہے اس کو روکنے اور ا س کو تحفظ بخشنے کےلئے اقدامات کئے جائیں گے۔ اسی طرح ماہی گیروں کےسبھی مسائل کی طرف توجہ دیتےہوئے انہیں بھی حل کرنے کا وزیر موصوف نے تیقن دیا۔


Share: