ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / بیکانیر زمین گھوٹالہ:رابرٹ واڈرا کو ای ڈی نے نیانوٹس جاری کیا

بیکانیر زمین گھوٹالہ:رابرٹ واڈرا کو ای ڈی نے نیانوٹس جاری کیا

Fri, 01 Jul 2016 22:44:32    S.O. News Service

نئی دہلی،یکم جولائی (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)زمین گھوٹالے میں پھنسے ہوئے پرینکاگاندھی کے شوہر رابرٹ واڈرا کی مشکلیں کم ہوتی نظر نہیں آ رہی ہیں ۔ذرائع کے مطابق بیکانیر زمین گھوٹالہ معاملے میں ای ڈی نے رابرٹ واڈرا اور ان کی کمپنی اسکائی لائٹ ہاسپٹیلٹی کو نیا سمن جاری کیا ہے۔معلومات کے مطابق ای ڈی نے واڈرا کو دو ہفتے کا وقت دیا ہے۔ای ڈی کے ایک سینئر افسر نے میڈیا کو بتایاکہ انہیں اپنے آگے پیش ہوکر اپنا موقف رکھنے کوکہا گیا ہے۔سرکاری ذرائع نے بھی بتایا کہ میسرز اسکائی لائٹ ہاسپٹیلٹی فرم کوانسداد منی لانڈرنگ ایکٹ (پی ایم ایل اے )کی دفعات کے تحت نوٹس جاری کیا گیا ہے۔ذرائع نے بتایا کہ کمپنی سے معاملہ کے تفتیشی افسر (آئی او )کو یقینی مالی تفصیلات اور دیگر دستاویزات دینے کو کہا گیا ہے۔اس سے پہلے بیکانیر زمین گھوٹالہ معاملے میں ای ڈی نے واڈرا کو 24؍جون کو پیش ہونے کو کہا تھا لیکن وہ نہیں پہنچے تھے۔ای ڈی کے مطابق رابرٹ واڈرا کی کمپنی کی جانب سے ان کے وکیل ایجنسی کے سامنے پیش ہوئے لیکن، انفورسمینٹ ڈائریکٹوریٹ نے ان کی موجودگی کو مسترد کر دیا تھا۔ذرائع کے مطابق کمپنی کی جانب سے پیش ہوئے وکیل کے پاس نہ تو کوئی متعلقہ کاغذات تھے اور نہ ہی کمپنی کی طرف سے کوئی رسمی خط اس کو جاری کیا گیا تھا۔اسی وجہ سے ای ڈی کے حکام نے اس وکیل کی پیشی کو نامنظورکر دیا۔ا ی ڈی نے کمپنی کو نوٹس جاری کر کے ان کے مالی لین دین کی معلومات بھی طلب کی ہے۔دراصل یہ پورا معاملہ بیکانیر کے کولایت علاقے میں 275بیگھہ زمین کی خریداری سے جڑا ہوا ہے۔گزشتہ سال تحصیلدار کی شکایت کے بعد ریاستی پولیس نے اس معاملے میں ایف آئی آر درج کی تھی اور اسی بنیاد پر ای ڈی نے گزشتہ سال منی لانڈرنگ کا مقدمہ درج کرایا تھا۔


Share: