ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / تلوجہ جیل زدو کوب معاملہ:دفاعی وکلاء کو سی سی ٹی وی فوٹیج مہیا کرائے جانے کے احکامات، 20؍ اپریل کو بحث کے بعد فیصلہ کی توقع: گلزار اعظمی 

تلوجہ جیل زدو کوب معاملہ:دفاعی وکلاء کو سی سی ٹی وی فوٹیج مہیا کرائے جانے کے احکامات، 20؍ اپریل کو بحث کے بعد فیصلہ کی توقع: گلزار اعظمی 

Thu, 12 Apr 2018 11:55:56    S.O. News Service

ممبئی،11اپریل (ایس او نیوز؍پر یس ریلیز) ممبئی کے تین مختلف مقامات ،زویری بازار، اوپیرا ہاؤس اور دادر کبوتر خانہ میں ۱۳؍ جولائی ۲۰۱۱ میں ہوئے بم دھماکے 13/7بم بلاسٹ کیس میں ماخوذ ملزم ندیم اختراشفاق احمد شیخ جسے گذشتہ دنوں تلوجہ جیل انتظامیہ نے بلا کسی وجہ کے شدیدزدوکوب کیاتھاکے معاملے میں آج عدالت نے دفاعی وکلاء کو سی سی ٹی فوٹیج مہیا کرائے جانے کے احکامات جاری کیئے ہیں اوران سے کہاہے کہ وہ سی سی ٹی فوٹیج حاصل کرنے کے بعد اس کامطالعہ کریں اور عدالت کے روبرو اس تعلق سے ۲۰؍ اپریل کوبحث کریں۔یہ اطلاع آج یہاں ممبئی میں ملزم کو قانونی امداد فراہم کرنے والی تنظیم جمعیۃ علماء مہاراشٹر(ارشد مدنی)قانونی امدادکمیٹی کے سربراہ گلزار اعظمی نے دی ہے۔

گلزاراعظمی نے بتایاہے کہ آج سیشن عدالت کے جج ایس ایم بھوسلے نے ایڈوکیٹ شریف شیخ کی درخواست پر کورٹ اسٹاف کو حکم دیا کہ تلوجہ جیل سے حاصل سی سی ٹی فوٹیج کو دفاعی وکیل کو سی ڈی میں مہیا کرائے نیز دفاعی وکیل کو حکم دیا کہ وہ اس تعلق سے اس معاملے کی اگلی سماعت یعنی کے ۲۰؍ اپریل کو عدالت کے سامنے اپنے دلائل پیش کریں تاکہ خاطی پولس افسران کے خلاف کارروائی کیئے جانے والی عرضداشت پر فیصلہ صادر کیاجاسکے ۔

واضح رہے کہ گذشتہ ماہ جب ملزم سیشن عدالت سے فارغ ہوکر تلوجہ جیل پہنچا تو ڈیوٹی پر مامور پولس افسر پاٹکالے نے اس کے ساتھ نہایت بدتمیزی کا مظاہرہ کیا اور برہنہ کرکے اس کی تلاشی لی گئی اور اس کے اعتراض کرنے پر اس کے ساتھ مارپیٹ کی گئی جس کی شکایت خصوصی مکوکا عدالت کے ساتھ ساتھ چیف جسٹس آف انڈیا، چیف جسٹس آف بامبے ہائی کورٹ ، حقوق انسانی کمیشن، جیل امور کے وزیر و دیگر متعلقہ حکام سے کی گئی تھی جس کے بعد آج عدالت نے دفاعی وکلاء کو اس معاملے کے انتہائی اہم ثبوت سی سی ٹی فوٹیج دفاع کو دیئے جانے کے احکامات جاری کیئے۔

آج عدالت میں سیکوریٹی گارڈ کی کمی کی وجہ سے تلوجہ جیل میں مقید ملزمین کو سیشن عدالت میں نہیں پیش کیا جاسکا جبکہ آرتھر روڈ جیل سے ملزمین ہارون نائیک اور زین العابدین کو پیش کیا گیا اسی طرح سے ویڈیو کانفرسنگ کے ذرریعہ دہلی کی تہاڑ جیل سے ملزم اسعد اللہ اختر و دیگر کو پیش کیا گیا۔آج کی عدالتی کارروائی کے بعدگلزار اعظمی نے کہا کہ اب جبکہ عدالت نے دفاعی وکلاء کو سی سی ٹی فوٹیج مہیا کرائے جانے کے احکامات جاری کیئے ہیں دودھ کا دودھ کا اور پانی کا پانی ہوجائے گا نیز اس سے قبل بھی تلوجہ جیل انتظامیہ کی اس طرح کی حرکت کی عدالت سے شکایت کی گئی تھی لیکن سی سی ٹی فوٹیج نہیں ہونے کہ وجہ سے خاطی پولس افسران پر کارروائی نہیں ہوسکی تھی لیکن اس معاملے میں انہیں امید ہیکہ عدالت سخت فیصلہ صادر کریگی تاکہ جیل عملہ آئندہ ایسی حرکت نہیں کرے گا۔دوران کارروائی آج عدالت میں جمعیۃ علماء کی جانب سے ایڈوکیٹ شاہد ندیم، ایڈوکیٹ افضل نواز، ایڈوکیٹ شروتی ودیہ، ایڈوکیٹ دھارا مہتا و دیگر موجود تھے۔


Share: