ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / تیزرفتار اورٹریفک اصولوں کی خلاف ورزی کرنے والے بائک سوارہوجائیے ہوشیار : اب سیدھے گھر پر آئے گی پولس نوٹس

تیزرفتار اورٹریفک اصولوں کی خلاف ورزی کرنے والے بائک سوارہوجائیے ہوشیار : اب سیدھے گھر پر آئے گی پولس نوٹس

Mon, 06 Jan 2020 20:46:19    S.O. News Service

بھٹکل :6؍ جنوری (ایس اؤ نیوز) من چاہے طریقے سے بائک سوارسڑکوں پر سواری کرنے کے دوران جب انہیں پولس روکتی ہے تو سڑک پر حادثات وقوع پذیر ہونے کا خطرہ رہتاہے ،اب پولس  اس پر بریک لگانے کے لئے بالکل نیا طریقہ ڈھونڈ  نکالا ہے، جس کے مطابق جو بھی بائک سوار ٹریفک اصولوں کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بائک سواری کرے گا تو راست اس کے  گھر کو ہی نوٹس بھیج دی جائے گی جس کے بعد بائک سوار کو اپنی گاڑی کے تمام کاغذات کے ساتھ خود پولس تھانہ جانا ہوگا اور جرمانہ بھرنا ہوگا۔

عام طورپر ٹرافک پولس سڑک کے درمیان کھڑے رہ کر تیز رفتار سواری کرنے والوں کو روک کر ان کے دستاویزات کی جانچ کرتی ہے، مگر اس دوران کچھ نوجوان پولس کی پکڑ سے بچ نکلنے میں کامیاب ہوجاتے ہیں اور بعض فرار ہونے کی کوشش میں حادثات کا شکاربھی ہوتے ہیں۔ ان وجوہات کو دھیان میں رکھتے ہوئے ضلع کے پولس سپرنٹنڈنٹ  نے فیصلہ کیا ہے آئندہ ٹریفک اُصولوں کی خلاف ورزی کرنے والوں کو روکا نہیں جائے گا بلکہ متعلقہ سواری کے رجسٹریشن نمبر کی نشاندہی کرکے آرٹی اؤ دفتر سے پتہ لے کر سیددھا اُس سواری مالک کے گھر نوٹس روانہ کیا جائے گا۔

کیا کامیابی ممکن ہے؟شہر کے گنجان علاقوں کی سڑکوں پر بڑی تیز رفتاری سے بائک سواری کرنے والے نوجوانوں سے عوام کو کافی تکلیف اور پریشانی ہوتی رہی ہے، خاص کر کالج جانے والی سڑکو ں پر نوجوانوں کی تیز رفتاری  اور اُن کی غیر ذمہ دارانہ ڈرائیونگ سے راہ گیروں اور سواروں کے لئے جان کا خطرہ  بنا رہتاہے، اس تعلق سے عوام بھی کافی پریشان ہیں اور اس پر روک لگانے کے ساتھ ساتھ قانونی کارروائی کرنے کا بھی مطالبہ کرتے رہے ہیں۔ لیکن اگر پولس اس نئے منصوبے پر عملی جامہ پہناتی ہے تو غیر ذمہ دارانہ ڈرائیونگ پر کچھ حد تک روک لگ سکتا ہے،  مگر اس طرح تیز رفتاری سے گزرنے والی بائکس کے نمبر کی نشاندہی کرنے کے لئے وھیکل ڈٹنشن کیمروں کی ضرورت ہے، لیکن سمجھا جاتا ہے کہ پولس محکمہ کے پاس اتنی زیادہ تعداد میں ایسے کیمرے نہیں ہیں ۔

سی سی ٹی وی کیمروں کا تعاون : بھٹکل اور کاروار سمیت ضلع کے کئی ایک تعلقہ جات میں  بہت ساری جگہوں پر سی سی ٹی وی  کیمرے نصب ہیں۔ ان کی مدد سے بائک  نمبرکی  نشان دہی کی جاسکتی ہے۔ اس کے علاوہ ڈیوٹی پر حاضر ٹرافک پولس بھی سواری کانمبر نوٹ کرسکتے ہیں جس کی بنیاد پر نوٹس بھیجا جاسکتا ہے۔


Share: