نئی دہلی ،29دسمبر(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)عام آدمی پارٹی کے کنوینر اور دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال نے بی جے پی اور کانگریس سمیت دیگر جماعتوں کا اصلی کردار ایک جیسا ہونے کا دعوی کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان جماعتوں کی سیاست سے مایوس عوام ہر الیکشن میں صرف حکمراں پارٹی کو شکست دینے کے لیے ووٹ دینے پر مجبور ہے۔
اسی لیے حال ہی میں ہوئے تین ریاستوں کے انتخابات میں عوام نے بی جے پی کو شکست دی ہے، صحیح معنوں میں یہ کانگریس کی جیت نہیں ہے۔کیجریوال نے ہفتہ کو آپ کے نیشنل کونسل کے اجلاس میں مختلف صوبوں سے جمع ہوئے پارٹی نمائندوں سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ گزشتہ 70 سال میں ملک ناامید ہو چکا تھا کیونکہ ملک کی سیاست ایسی ہو گئی تھی کہ ہر پانچ سال میں عوام حکومتیں بدلنے پر مجبور ہو گئی۔اب جو تین ریاستوں کے انتخابات کے نتائج سامنے آئے ہیں ان سے ظاہر ہوتا ہے کہ کانگریس جیتی نہیں ہے بلکہ بی جے پی کی ہار ہوئی ہے۔
کیجریوال نے دہلی حکومت کے چار سال کے کاموں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ہم عوام کی امیدوں پر کھرے اترے ہیں جس کی بدولت ہی ’اینٹی انکم بینسی ‘(اقتدار مخالف لہر) اب ’پروانکم بینسی ‘میں تبدیل ہو گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہلی میں اقتدار کا بہتر استعمال کر کے آپ نے لوگوں کا اعتماد یقین جیت لیا ہے۔اس دوران کیجریوال نے دہلی حکومت کے کام کاج میں مرکزی حکومت کی طرف سے ہر ممکن رکاوٹیں پیدا کرنے اور مرکزی جانچ ایجنسیوں سے آپ لیڈروں کو ہراساں اور توہین کروانے کا الزام لگایا۔
انہوں نے کہاکہ مودی حکومت نے دہلی حکومت کی چار سو فائلوں کو چیک کرا لی لیکن کچھ نہیں ملا۔میں تو سمجھتا ہوں کہ آج ہمیں ایمانداری کا سرٹیفکیٹ مودی جی نے دیا ہے۔انہوں نے مودی حکومت کو رافیل سمیت دیگر مقدمات کی محض چار فائلیں ہی دکھانے کا چیلنج دیتے ہوئے کہا کہ آپ نے دہلی حکومت کی چار سو فائلیں دیکھ لیں تو اب اپنی بھی تو چار فائل دکھا دیں۔
کیجریوال نے بی جے پی اور کانگریس کو ایک ہی سکے کے دو پہلو بتاتے ہوئے کہا کہ ہمارے خلاف جب بھی پولیس کا چھاپہ پڑتا ہے تو سب سے پہلے کانگریسی جشن مناتے ہیں۔اس دوران کیجریوال نے جمعہ کی رات کو ہریانہ میں آپ کارکنوں کو گرفتار کئے جانے پر تنقید کرتے ہوئے ہریانہ کی کھٹر حکومت پر نسل پرستی کی سیاست کرنے کا الزام لگایا۔انہوں نے سوشل میڈیا پر کھٹر مخالف بیان بازی کرنے کے الزام میں آپ کے 40 کارکنوں کو گرفتار کئے جانے کا دعوی کرتے ہوئے بی جے پی پر پورے ملک میں دہشت گردی کا ماحول بنانے کا الزام لگایا۔