ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / جلد شروع ہوگی اُردو ٹی ای ٹی پاس اُمیدواروں کی بحالی، وزیراقلیتی فلاح کی یقین دہانی

جلد شروع ہوگی اُردو ٹی ای ٹی پاس اُمیدواروں کی بحالی، وزیراقلیتی فلاح کی یقین دہانی

Sat, 20 Aug 2016 20:29:05    S.O. News Service

دربھنگہ20اگست(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)آل انڈیا مسلم بیداری کارواں کے قومی صدر اور شہری جمعیۃ علماء ہند دربھنگہ کے سکریٹری نظرعالم کی دعوت پر محکمہ اقلیتی فلاح حکومت بہار کے وزیرڈاکٹر عبدالغفور دربھنگہ کے موضع بھریاہی (نزد ہوائی اڈہ) واقع ان کی رہائش گاہ پہنچے۔ جہاں مسٹر عالم نے وزیرموصوف کا والہانہ استقبال شال اورگلدستہ پیش کرکے کیا اور پرتکلف ضیافت کی اور اقلیتی مسائل پر تبادلہ خیال کیا۔ کارواں کے قومی صدر نے وزیرموصوف سے صوبہ کی اقلیتی عوام کے مسائل کی طرف موصوف کو متوجہ کرتے ہوئے اُردو ٹی ای ٹی پاس اُمیدواروں کی بحالی میں ہورہی تاخیر کا معاملہ اٹھایا اور اس سلسلہ میں ان سے ذاتی دلچسپی لینے کی درخواست کی۔ چنانچہ وزیرموصوف نے بتایا کہ انہوں نے اہم مسئلہ پر وزیرتعلیم اشوک چودھری سے بات کی ہے اور انہوں نے جلد ہی بحالی کا عمل شروع کردینے کا یقین دلایا ہے۔ اس موقع پر وزیرموصوف نے کہا کہ کثیراقلیتی علاقے میں ہائی اسکول قائم کرنے کی کوشش کرنی چاہئے اس میں ان کا محکمہ مکمل تعاون کرے گا۔وزیرموصوف نے یقین دلایا کہ ان کا محکمہ اور نتیش حکومت اقلیتوں کے مسائل کے تئیں کافی سنجیدہ ہے اور تیز رفتاری سے کام انجام دینے کی کوشش ہورہی ہے۔ بتادیں کہ وزیرموصوف پٹنہ سے بذریعہ این ایچ 57 سہرسہ کے دورہ پر نکلے تھے۔ اس موقع پر سماجی کارکن مرزا نہال بیگ، مقصودعالم پپوخان،ظفیراحمد، اسعدرشید ندوی، جاوید عالم، شمس عالم پپو، توفیق عالم، محمدابرار سمیت درجنوں سرکردہ افراد موجودتھے۔


Share: