کالی کٹ:15؍ اکتوبر(ایس اؤ نیوز)جماعت اسلامی کے بزرگ رہنما ، مرکزی مجلس شوری کے رکن اور مسلم پرسنل لاء بورڈ کے بانی رکن محترم ٹی کے عبد اللہ صاحب (94) اپنے آبائی وطن کیرلا ریاست کے کوٹیاڈی میں اپنے رفیق اعلی سے جاملے۔انا للہ وانا الیہ راجعون۔
مرحوم عبداللہ صاحب 1972سے 79تک اور 1982سے 1984تک کیرلا جماعت اسلامی ہند کے امیرحلقہ تھے۔1972 سے وہ جماعت اسلامی ہند کی مرکزی مجلس شوریٰ کے رکن تھے۔ مرحوم ایک اسلامی مفکر اور سنجیدہ مقرر کی حیثیت معروف تھے۔ کیرلا کے مشہور اشاعتی ادارے آئی پی ایچ کی طرف سے شائع ہونے والی اسلامی سائنس کوشنم کے مدیر اعلیٰ تھے۔
کوزی کوڈ کے مشہور عالم دین ترکنڈی عبدالرحمن مسلیار اور فاطمہ کے فرزند مرحوم عبداللہ کی پیدائش 1929میں ہوئی تھی۔ وائکاڑ دارالعلوم، ترورنگاڑی جمعہ مسجد، پولیکل مدینہ العلوم ، کاسرگوڈ عالیہ عربک کالج سے آپ نے تعلیم حاصل کی تھی۔ آپ ملیالم کےمشہور رسالے ’پربھودنم‘ کے مدیراعلیٰ کے طورپر بھی کئی سال تک خدمات انجام دئیے اورکئی کتابوں کے مصنف بھی ہیں۔ ۔ پسماندگان میں زوجہ آمنہ ، بچے ٹی کے ایم اقبال، ٹی کے فاروق، محمد ساجد اور بے شمار رشتہ دار ہیں۔
محترم ٹی کے عبداللہ کی رحلت پر امیر جماعت اسلامی ہند انجنئیر سید سعادت اللہ حسینی ، امیر حلقہ کرناٹکا ڈاکٹر محمد سعد بیلگامی ، معاون امیر حلقہ مولانا محمد یوسف کنی ، سکریٹری حلقہ جناب محمد کوئیں سمیت کئی ایک نے گہرے رنج و غم کااظہارکرتے ہوئے کہا ہے کہ محترم کی رحلت یقینا ایک غم انگیز خبر اور ایک جانکاہ حادثہ ہے ،ان کا ہماری صفوں سے اٹھ جانا جماعت اسلامی ہند کا ایک ناقابل تلافی خسارہ ہے، اللہ تعالی اس عظیم خسارے کی بھرپائی کرے اور جماعت اسلامی ہند کو ان کا نعم البدل عطا کرے۔ آمین۔ دعا ہے اللہ تعالی مرحوم کو اپنی رحمت و مغفرت سے نوازے اور جنت الفردوس میں اعلی مقام نصیب کرے۔اللہ تعالیٰ انھیں اپنی جوار رحمت میں جگہ دے اور جملہ متعلقین کو صبر جمیل عطا کرے۔ آمین