ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / جموں و کشمیر: راجوری میں ایل او سی پر دراندازی کی کوشش ناکام، ایک ملی ٹینٹ ہلاک

جموں و کشمیر: راجوری میں ایل او سی پر دراندازی کی کوشش ناکام، ایک ملی ٹینٹ ہلاک

Sun, 08 May 2022 14:04:37    S.O. News Service

جموں،8؍مئی (ایس او نیوز؍ایجنسی)  فوج نے ضلع راجوری میں لائن آف کنٹرول پر دراندازی کی ایک کوشش کو ناکام بناتے ہوئے ایک جنگجو کو ہلاک کر نے کا دعویٰ کیا ہے۔ دفاعی ذرائع نے بتایا کہ جنگجووں نے راجوری کے لام نوشہرا سیکٹر میں ہفتے کی شام دراندازی کی کوشش کی۔ انہوں نے کہاکہ وہاں تعینات مستعد فوجی جوانوں نے سروی لنس گرڈ کا موثر استعمال کرتے ہوئے دراندازی کی کوشش کا پتہ لگایا۔

اُن کے مطابق فوجی جوانوں کی طرف سے چیلنج کئے جانے پر طرفین کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں ایک جنگجو مارا گیا۔ انہوں نے کہا کہ بعد میں مہلوک جنگجو کی لاش برآمد کی گئی ۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ علاقے میں آپریشن جاری ہے۔ معلوم ہوا ہے کہ راجوری سیکٹر میں دراندازی کے بعد حد متارکہ پر الرٹ جاری کیا گیا ہے۔

ادھر، جنوبی ضلع کولگام کے چیان دیوسر کولگام میں سیکورٹی فورسز اور جنگجووں کے مابین تصادم جاری ہے۔ آئی جی کشمیر نے بتایا کہ علاقے میں پاکستانی اور مقامی جنگجو پھنس کر رہ گئے ہیں۔ پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ جنوبی ضلع کولگام کے چیان دیوسر کولگام علاقے میں ملی ٹینٹوں کے چھپنے ہونے کی ایک خاص اطلاع موصول ہونے کے بعد پولیس اور سیکورٹی فورسز نے درمیانی رات اس علاقے کو اپنے محاصرے میں لے لیا اور اُنہیں ڈھونڈ نکالنے کے لئے گھر گھر تلاشی کارروائی کا آغاز کیا۔

انہوں نے بتایا کہ خود کو سلامتی عملے کے گھیرے میں پا کر جنگجووں نے سیکورٹی فورسز پر اندھا دھند گولیاں برسا کر فرار ہونے کی بھر پور سعی کی تاہم حفا ظتی عملے کی کارگر حکمت عملی نے اُنہیں فرار ہونے کا کوئی موقع فراہم نہیں کیا اور اس طرح سے طرفین کے مابین جھڑپ شروع ہوئی۔


Share: