جموں29جون(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)نیشنل پنتھرس پارٹی کے بانی اور قومی یکجہتی کونسل کے رکن پروفیسر بھیم سنگھ نے آج قانون ساز اسمبلی سے اپیل کی کہ وہ جموں وکشمیر کی پرانی ڈوگرہ ریاست کی زندگی کی تحقیقت کو تسلیم کریں۔ انہوں نے کہاکہ جموں خطہ کا سیاسی کلچر اور آب و ہوا وادی کشمیرکے سیاسی اور جغرافیائی ماحول سے میل نہیں کھاتے جبکہ لداخ اورگلگت کی الگ ثقافتی اورجغرافیائی شناخت ہے۔پروفیسر بھیم سنگھ نے کہاکہ امرتسر معاہدہ فرسود ہو چکا ہے اور21ویں صدی میں اسے جموں وکشمیر میں برقرار نہیں رکھاجاسکتا۔پنتھرس سربراہ نے مختلف خطوں کے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ جموں وکشمیر کی تشکیل نو کا گہرائی سے مطالعہ کریں۔جموں وکشمیر کا سائنٹفک حل اس کی سماجی، جغرافیائی ، زبانی اور ثقافتی شناخت کی بنیاد پر تشکیل نو ہے۔ دفعہ ۔ 370میں ترمیم کی جانی چاہئے تاکہ پارلیمنٹ کو تمام جموں و کشمیر کیلئے قانون بنانے کا اختیار مل سکے ۔ پروفیسربھیم سنگھ نے ہندوستانی پارلیمنٹ سے دفعہ ۔ 370 کے تحت حاصل طاقت کا استعمال کرتے ہوئے جموں وکشمیر کی تشکیل نو کی اپیل کی اوردفعہ۔370 میں شامل تمام سیاہ باب کو ہٹایا جائے جو پارلیمنٹ کے 1952میں جموں وکشمیر کو ہندوستان کا اٹوٹ حصہ اعلان کرنے کے بعدبے کار ہوگئی ہے۔