سری نگر22جولائی(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) جنوبی کشمیر کے ضلع کولگام کے کھڈونی میں اتوار کی صبح جنگجوؤں اور سیکورٹی فورسز کے درمیان ہونے والے ایک مسلح تصادم میں تین جنگجو مارے گئے۔ مسلح تصادم میں ایک فوجی اہلکار کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔
ریاستی پولیس کے سربراہ ڈاکٹر شیش پال وید کا کہنا ہے کہ مارے گئے جنگجو ٹرینی پولیس کانسٹیبل محمد سلیم شاہ کو اغوا اور قتل کرنے میں ملوث تھے۔ جنوبی کشمیر سے موصولہ اطلاعات کے مطابق ضلع کھڈونی میں تین جنگجوؤں کی ہلاکت کے خلاف ضلع کے کچھ علاقوں میں مقامی لوگوں کی سیکورٹی فورسزکے ساتھ جھڑپیں ہوئی ہیں۔
انتظامیہ نے احتیاطی طور پر کولگام اور اننت ناگ اضلاع میں موبائیل انٹرنیٹ خدمات منقطع کرادی ہیں۔ اس کے علاوہ گرمائی دارالحکومت سری نگر اور صوبہ جموں کے بانہال کے درمیان براستہ جنوبی کشمیر چلنے والی ریل خدمات کو بھی معطل کردیا گیا ہے۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ کھڈونی چوک میں جنگجوؤں کی موجودگی سے متعلق خفیہ اطلاع ملنے پر فوج، جموں وکشمیر پولیس کے اسپیشل آپریشن گروپ (ایس او جی) اور سینٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) نے اتوار کی صبح مذکورہ علاقہ میں مشترکہ تلاشی آپریشن شروع کیا۔