رانچی، 27؍جون(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا )مرکزی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے آج یہاں کہا کہ ملک سے نکسل واد کا خاتمہ جلد ہوگا اور ان کی خواہش ہے کہ سب سے پہلے جھارکھنڈ کو اس سے نجات ملے۔رانچی-کھونٹی پتھ پر آج صبح جھارکھنڈ جے گو ار کے ایڈمنسٹریٹو بھون اور گیسٹ ہاؤس سمیت کئی عمارتوں کا افتتاح کرنے کے بعد اپنے خطاب میں مرکزی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ نکسل ازم غریب اورقبائلی مخالف ہے کیونکہ اس کی وجہ سے ان کی مناسب ترقی نہیں ہو پاتی ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک سے جلد ہی نکسل ازم کاخاتمہ ہوگا اور ان کی خواہش ہے کہ سب سے پہلے جھارکھنڈ کو اس سے نجات ملے۔راج ناتھ سنگھ نے یہاں جھارکھنڈ پولیس کی مستعدی کی تعریف کرتے ہوئے نکسل واد کے خلاف اس کی لڑائی کو مثالی بتایا۔انہوں نے پروگرام میں جھارکھنڈ پولیس کے ڈائریکٹر جنرل ڈی کے پانڈے اور وزیر اعلی رگھوور داس کے ریاست کے کئی علاقوں سے نکسل ازم کو ختم کر نے کے دعوے کی تعریف کی اور امید ظاہر کی کہ جلد ہی پورا جھارکھنڈ ریاست اس سے آزاد ی حاصل کرلے گا۔وزیر داخلہ نے نکسلیوں کو دھمکی آمیز لہجے میں کہا کہ اب ان کے دن گنے چنے ہیں۔انہوں نے نکسل متاثرہ علاقوں میں تیزی سے ترقیاتی کام کرنے کی بات دہرائی اور اس سمت میں جھارکھنڈ حکومت کی طرف سے کئے جا رہے کاموں کی تعریف کی۔