ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / جے ڈی ایس صدر عنایت اللہ شاہ بندری اور رکن اسمبلی منکال وئیدیا بھائی بھائی ؟؟

جے ڈی ایس صدر عنایت اللہ شاہ بندری اور رکن اسمبلی منکال وئیدیا بھائی بھائی ؟؟

Sat, 18 Mar 2017 20:48:10    S.O. News Service

 بھٹکل:18/مارچ    (ایس او نیوز) پرسوں جے ڈی ایس کی پریس کانفرنس میں بھٹکل کے مختلف مسائل کو پیش کرتے ہوئے رکن اسمبلی پر الزامات کی بوچھار کرنے والے جے ڈی ایس صدر عنایت اللہ شاہ بندری سنیچر کی صبح تعلقہ پنچایت صحن میں رکن اسمبلی منکال وئیدیا کے ساتھ نظر آئے۔ دونوں نے ایک دوسرے سے ہاتھ ملایا اور ایسے پیش آئے جیسے دونوں بھائی بھائی ہیں۔

دراصل جے ڈی ایس کے صدر عنایت اللہ شاہ بندری مرڈیشور کے نیشنل کالونی کے مکینوں کے ساتھ علاقہ کےپینےکے پانی کامسئلہ لے کر بات چیت کے لئےپنچایت پہنچے تھے، جس کے دوران وہاں رکن اسمبلی منکال وئیدیا بھی پہنچ گئے۔وہاں مرڈیشور جماعت کے ممبر  صلاح الدین نے کہاکہ نیشنل کالونی میں پانی کے منصوبے کی خاطر جماعت نے اپنی طرف سے 7لاکھ روپئے خرچ کئےہیں، مگر   ان کی بات کو رکن اسمبلی نے یہ کہہ کر انکار کردیا کہ  یہ رقم جماعت نے نہیں بلکہ حکومت نے منظور کرکے فراہم کی ہے، منکال وئیدیا کے مطابق جماعت والے مسئلہ لے کر جب اُن کے  پاس پہنچے تھے تو انہوں نے ہی  مسئلہ کے حل کے لئے رقم منظور کروایا تھا۔ منکال وئیدیا نے کہا کہ کاموں کےمتعلق بے کار میں جھوٹ بول کر عوام کو غلط پیغام نہ دیں۔

 اس موقع پر مرڈیشور جماعت کے ایک ممبر نے اپنی بات کو مضبوط دلائل کے ساتھ پیش کرتے ہوئے کہاکہ  ہم نے ٹھیکدار کو 7لاکھ روپئے دئیےہیں، تو وہیں پر موجود ٹھیکدار راجو نے جماعت کی جانب سے7لاکھ روپئے لینے کی بات کو قبول بھی کرلیا ۔ جس پر رکن اسمبلی نے کہاکہ خود جماعت کی رائے پر ہم نے منصوبے کی ٹھیکداری راجو کو دی تھی،جس پر جماعت کے ممبر نے حامی بھری۔

بات بڑھتی دیکھ کر رکن اسمبلی نے کہاکہ میں خود کالونی میں پہنچ کر معاملہ کی حقیقت جاننے کی کوشش کروں گا۔  البتہ انہوں نے حکومت کے پاس منصوبے کے لئے رقم موجود ہونےکے باوجود جماعت کی طرف سے رقم اداکرنے کو غیر مناسب قرار دیا۔

اس سلسلے میں ساحل آن لائن کے نمائندے نے حقیقت جاننے کی کوشش کی تو پتہ چلا کہ ڈیڑھ دوسال قبل ضلع پنچایت کی طرف سے منصوبے کے لئے 7لاکھ روپئے منظور ہوئے تھے جس کے تحت صرف آدھا کام ہوا تھا،  پوری کالونی کے لئے پانی نہیں سپلائی ہورہاتھا جس کو دیکھتے ہوئے جماعت نے اپنی طرف سے بھی رقم ٹھیکدارکو سونپی تھی اور  پوری کالونی کے لئے پانی سپلائی کا کام کروایا تھا۔  

اس موقع پر جالی پٹن پنچایت صدر عبدالرحیم سمیت کچھ کانگریسی لیدڑان نے جے ڈی ایس صدر عنایت اللہ شاہ بندری کی پریس کانفرنس میں لگائے گئے الزامات پرناراضگی کا اظہار کرتے  ہوئے سوال کیا کہ کیا آپ کو ترقی نظر نہیں آرہی ہے، انہوں نے عنایت اللہ شاہ بندری سے سوال کیا کہ کیا بس ڈپو، پانی کے منصوبے ، ڈرنیج، برج کی تعمیرات، بندرگاہوں کے کام سمیت سیکڑوں کروڑ روپیوں کے ترقیاتی کام نظر نہیں آرہے ہیں ؟  کانگریسی ممبران نے الزام لگایا کہ عنایت اللہ شاہ بندری کو مزدوروں سے کوئی ہمدردی نہیں ہے صرف تشہیر بازی کے مقصد سے الزام لگارہے ہیں، انہوں نےسخت لہجہ میں کہاکہ اگر الزام لگانا ہی ہے تو ثبوت کے ساتھ ہمارے سامنے آئیں۔بات سے بات بڑھتی دیکھ کر رکن اسمبلی منکال وئیدیا اپنے ساتھیوں کے ساتھ وہاں سے نکل پڑے۔ اس کے بعد معاملہ کو لےکر صرف اتنا کہاکہ عنایت اللہ شاہ بندری میرے اچھے دوست ہیں۔


Share: