بھٹکل:27؍فروری(ایس اؤ نیوز) دارالعلوم ندوۃ العلماء لکھنؤ میں منعقدہ ایک تقریب میں بھٹکل کے معہد الامام حسن البناء کی طرف سے شائع کردہ تین کتابوں کارسم اجراء ناظم ِ ندوۃ حضرت مولانا محمد رابع حسنی ندوی کے ہاتھوں عمل میں آیا۔
تقریب میں معہد کی جانب سے جاری تینوں کتابوں کے نام اس طرح ہیں۔1: رسول اکرم کی چالیس مجلسیں،مصنف(شاہ اجمل فاروق ندوی)۔ 2:چالیس منتخب احادیث،مصنف(ڈاکٹر عبدالحمید اطہر ندوی)۔ 3:آداب شاگردی،مصنف(ڈاکٹر عبدالحمید اطہر ندوی)۔
حضرت مولانا سید رابع صاحب حسنی ندوی دامت برکاتہم نے رسم اجراء کے موقع پر فرمایا کہ طلباء کو چاہئے کہ وہ کتاب’آداب شاگردی‘کا خاص کر مطالعہ کریں،پوری دنیا میں مغرب نے مطالعہ اور حصول علم کو صرف دنیاوی فائدے کے ساتھ اور دنیاوی مقاصد کے ساتھ خاص کیا ہے،مولانا نے تینوں شماروں کے مصنفین اور معہد کی پوری انتظامیہ کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے حاضرین کے سامنے معہد امام حسن البنا بھٹکل کا تعارف بھی کیا۔
اس موقع پر دارالعلوم ندوۃ العلماء کے مہتمم حضرت مولانا سعید الرحمن اعظمی ندوی دامت برکاتہم نے معہد کے ساتھ گزرنے والے اپنے لمحات اور یادوں کا تذکرہ کیا،مولانا نے مزید یہ بھی کہا کہ بہت ساری کتابیں آج کل منظر عام پر تو آرہی ہیں مگر قارئین کی کمی ہے،کتابیں صرف کتب خانوں اور الماریوں کی زینت بن رہی ہیں، طلباء کو چاہئے کہ وہ زیادہ سے زیادہ کتابوں کا مطالعہ کریں۔
تقریب میں مولانا عبدالسلام ندوی بھٹکلی(استاد دارالعلوم ندوةالعلما لكهنو) نے بھی معہد امام حسن البنا کا مختصراً تعارف پیش کرتے ہوئے کہا کہ معہد امام حسن البنا شہید ٹرسٹ کی تاٗسیس مفکرِ اسلام حضرت مولانا سید ابوالحسن علی ندوی رحمۃ اللہ علیہ کی سرپرستی میں ۱۹۸۸ء میں عمل میں آئی،یہاں کا ابتدائی مرحلہ اگر دیکھا جائے تو یہ معہد ایک کمرہ تھا مگر آج ماشاء اللہ معہد ترقی کی راہ پر گامزن ہے،یہ ٹرسٹ پچھلے بتیس 32برسوں سے قوم و ملت کے لئے دینی، علمی و ثقافتی خدمات پیش کر رہا ہے مولانا عبد السلام صاحب نے مزید یہ بھی کہا کہ اس معہد کے زیر اہتمام چل رہے جامعة الطيبات کے تمام شعبے شعبہ فہم قرآن، شعبہ حفظ قرآن، اور شعبہ تعلیم بالغات اور کورسس کے ذریعہ شہر عزیز کی اُمّہات و بنات و اُختات ، الحمدللہ کثیر تعداد میں خود بھی فیضیاب ہو رہی ہیں اور دوسروں کو بھی ترغیب دے رہی ہیں۔
معھد کے شعبہ تحقیق و اشاعت کی جملہ دیگر کتابوں کی طرح یہ تینوں کتابیں اپنی دیدہ زیب طباعت اور معنوی فوائد کی وجہ سے پسندیدگی کی نگاہ سے دیکھے جارہے ہیں۔ملحوظ رہے کہ اس رونمائی تقریب میں مولانا خالد صاحب غازیپوری ندوی،مولانا عبدالسلام صاحب ندوی بھٹکلی کے علاوہ اساتذہ اورطلباء کی کثیرتعداد موجود تھی۔(موصولہ رپورٹ)