نئی دہلی،17؍جولائی (ایس او نیوز؍یو این آئی) کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی اور پارٹی کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا نے مدھیہ پردیش کے گنا میں دلت کنبہ کے لوگوں کے خلاف پولیس کی بے رحمانہ کارروائی پر گہرا دکھ ظاہر کرتے ہوئے کہاکہ پارٹی اس ناانصافی کے خلاف جی جان سے لڑے گی۔پرینکانے ریاست کے وزیراعلیٰ شیوراج سنگھ چوہان کی قیادت والی بھارتیہ جنتا پارٹی(بی جے پی) حکومت پر سخت حملہ کرتے ہوئے ٹوئٹ کیا ”ہماری لڑائی اسی سوچ اور ناانصافی کے خلاف ہے۔ غریبو ں پر حملہ، دلتوں پر حملہ، کسان پر حملہ، جمہوریت پر حملہ۔ یہی تو ہے بی جے پی کی چال، چہرہ اور کیرکٹر۔ اس ناانصافی کے خلاف کانگریس جی جان سے لڑے گی“۔ انہوں نے اپنے ٹوئٹ کے ساتھ گنا میں قبضہ ہٹانے کے لئے پولیس دستہ کی جارحیت کا ایک ویڈیو بھی پوسٹ کیا ہے جس میں دلت کسان کنبہ پر پولیس مظالم ڈھارہی ہے۔ اس ویڈیو میں پولیس دستہ دلت کنبہ کی خاتون اور بچوں پر ڈنڈے برسا رہا ہے اورلات گھوسوں سے بھی ان کی پٹائی کررہا ہے۔اس واقعہ پرراہل اور پرینکاکے شیوراج حکومت پر سخت حملے کے بعد کسان کانگریس کے نائب صدر سرینر سولنکی نے وزیراعظم نریندر مودی کو خط لکھ کر اس واقعہ کے قصورواروں کو سخت سزا دینے کی مانگ کرتے ہوئے اس واقعہ کو انسانی حقوق کی سخت خلاف ورزی قرار دیا۔انہوں نے کہاکہ چوہان کے اقتدار سنبھالنے کے بعد ریاست میں غریبوں، کسانوں اور دلتوں پر مظالم کے واقعات بہت بڑھ گئے ہیں اور گنا جیسا واقعہ پہلے کبھی نہیں ہوا۔ پولیس نے میاں۔بیوی اور ان کے بچوں پر بے رحمی سے لاٹھیاں برسائیں۔ انہوں نے سوال کیا کہ پریشان کسان کے ساتھ وحشی پن کیا مناسب ہے؟ قانون ہاتھ میں لیکر میاں بیوی اور معصوم بچوں کی بے رحمی سے پٹائی کہاں کا انصاف ہے؟ کیا یہ سب اس لئے کیا گیا کہ وہ ایک دلت اور غریب کسان ہے۔